ایک روز میں 4651 افراد کی رپورٹ مثبت ، تین فوت،جموں ضلع میں مزید 16علاقے بندش والے زون قرار
یواین آئی
جموں/سرینگر؍؍جموں وکشمیر میں منگل کے روز ریکارڈ توڑ 4651 افراد کی رپورٹ مثبت آئی ہے جس وجہ سے پوری وادی میں فکر و تشویش کی لہردوڑ گئی ہے۔سرکاری ترجمان نے بتایا کہ منگل کے روز جموں وکشمیر میں 4651 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی جس میں 3105 صوبے کشمیر اور 1546 جموں ڈویژن سے تعلق رکھتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سری نگر ضلع میں منگل کے روز 957 افراد کی رپورٹ پازٹیو آئی، بارہ مولہ میں 633، بڈگام میں 411، پلوامہ میں96، کپواڑہ میں 209، اننت ناگ میں 253، بانڈی پورہ میں 139، گاندربل میں 171، کولگام میں 215اور شوپیاں ضلع میں 21 افراد اس وائرس میں مبتلا پائے گئے۔اْن کے مطابق جموں ضلع میں 919افراد کی رپورٹ پازٹیو آئی،اْدھم پور میں 184،راجوری میں 74، ڈوڈہ میں 49، کٹھوعہ میں 94، سانبہ میں 109، کشتواڑ میں چھ، پونچھ میں اٹھارہ، رام بن میں پندرہ اور ریاسی میں 78افراد کی رپورٹ منگل کے روز پازٹیو آئی جبکہ تین مریض فوت بھی ہوئے ہیں۔ماہرین کے مطابق ایک روز میں 4651افراد کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد یہ عیاں ہو رہا ہے کہ آنے والے دنوں کے دوران بھی وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد بڑھے گی۔انہوں نے کہاکہ کورونا رہنما اصولوں پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ ضلع سری نگر میں کورونا کے یومیہ معاملات لگاتار بڑھ رہے ہیں جس پر قابو پانے کی خاطر ضلعی انتظامیہ کو سخت نوعیت کے فیصلے لینے چاہئے۔انہوں نے کہاکہ زبانی جمع خرچ سے کورونا وائرس پر قابو نہیں پایا جاسکتا بلکہ اس کے لئے قلیل مدت تک لاک ڈاون کا نفاذ اب ناگزیر بن گیا ہے۔دریں اثنا باوثوق ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ کورونا کے یومیہ معاملات میں روز افزاں اضافہ ہونے کا ایل جی انتظامیہ نے نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو ایس او پیز پر عملدرآمد کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اْٹھانے پر زور دیا ہے۔وہیںسرمائی دارلخلافہ جموں میں مزید 16علاقوں کو بندش والے زون قرار دیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتا یا کہ جموں ضلع میں کورونا کے یومیہ کیسز لگاتار بڑھ رہے ہیں جس کے پیش نظر مزید 16علاقوں کو کنٹونمنٹ زون قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جن علاقوں میں بندشیں عائد کی گئی اْن میں ایس ایس بی سیکورٹی آفس بکرم چوک کے ملحقہ علاقے، آدرش کالونی ترکوٹانگر، سینک کالونی جموں،سینک کالونی جموں سیکٹر نمبرآٹھ، ودھاتا نگر بٹھنڈی، ملٹری سٹیشن سنجواں،توی وہار کالونی سدھرا، گاندھی نگر جموں لین نمبر ایک، پرکھو کیمپ جموں،چھنی ہمت جموں سیکٹر نمبر ایک،ہاوس نمبر 33چھانی ہمت، جے کے بینک پانتھ چوک جموں،اپر روپ نگر شیوا جی پارک ، گول گوجرال جموں،گاندھی نگر جموں ،گلشن گراونڈ، ڈوگرا نگر مٹھی نزدیک پولیس کالونی شامل ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی تلقین کی گئی ہیں اور جوکوئی بھی خلاف ورزی کرے گا اْس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اْن کے مطابق متاثرہ علاقوں میں تحصیلداروں اور ایس ایچ او زکی بھی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے تاکہ دفعہ 144کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔سرکاری ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں سبھی دکانیں بند رہیں گی۔