ڈاکٹر الکندی صاحب اور دیگر علماء کے خطابات
محمّد انیس شیخ
پوگل پرستان ؍؍ادارہ دارالھدیٰ السلفیہ درسو پورہ جموں میں پروقار علمی تقریب منعقد ہوئی جس میں ادراہ میں زیر تعلیم و تربیت بچوں نے منفرد انداز میں تقاریر کئے انگریزی اردو اور عربی زبان میں ان کے مکالموں اور مباحثوں نے سامعین کو ورطہء حیرت میں ڈال دیا اس موقع پر ایک شاندار انعامی تقریب کا انعقاد ہوا اور گوجر برادری سے منسلک ان بچوں کی ذہانت، فطانت اور اعلی صلاحیتوں کو داد و تحسین دیتے ہوئے انہیں انعامات سے نوازا گیا ۔اس موقع پر الکلیتہ السلفیہ سرینگر کے فارغ الاستاذ شیخ نصیرالدین بانڈے کی اس محنت شاقہ کو تہنیت و تحسین کا خراج پیش کیا گیا جو وہ ان نو نہالوں کی تعلیم و تربیت کے تعلق سے کررہے ہیں اور ان کی شبانہ روز کاوشیں ماشاء اللہ اپنا رنگ دکھا رہی ہیں تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نائب صدر جمعیت اہلِ حدیث جموں و کشمیر نے اس موقع پر اپنے گراں قدر خطاب میں ان بچوں کو بہ چشم نم دعائیں دیں اور کہا کہ اس ننھی سی عمر میں ان کی اٹھان دیکھ کر نخل مراد کھل اٹھا اور یہ آس بندھ گئی کہ ان شاء اللہ یہ نسل ایک نئے سوز و آہنگ کے ساتھ ملت و معاشرے کی تعمیر کے کام میں مستقبل میں جٹ جائے گی اور ہمیں صالح اور ذہین مردان کار میسر آئیں گے ۔انہوں نے اس ادارے کے ذمہ داروں تک صدر جمعیت پروفیسر غلام محمد بٹ کہ یہ پیغام کہ تعلیم کا فروغ و پھیلاو ہمارا منشور اور تدریس ہمارا پروگرام ہے پہنچایا اور کہا کہ اس ادارے میں اس نوعیت کی یہ تقریب ہمارے ارادوں کو مضبوط اور حوصلوں کو مستحکم کرتی ہے ۔ڈاکٹر موصوف نے علم نافع کے تعلق سے جاندار اور منفرد خطاب میں کہا کہ علم نافع جہاں شرعی علوم کا نام ہے وہاں اس دائرے میں عصری علوم بھی شامل ہیں جو انسانیت اور اقوام و ملل کی صلاح و فلاح کے باعث اور سیرت سازی کے حوالے سے ممد و معاون ثابت ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا بچہ جہاں محدث، مفسر، عالم دین فقیہ و امام ہو وہاں وہ ایک درد مند ڈاکٹر، ایک متحمل مزاج انجینئر ایک صالح پائلٹ اور ایک دیانت دار تاجر، ماہر معیشت، بہترین دکاندار اور کسی ادارے کا قابل فخر رکن یا سر براہ بھی ہو ۔ ڈاکٹر نے جمعیت کے اہتمام سے بطور خاص ریاست بھر میں ہورہے تعلیمی تدریسی فلاحی و تبلیغی کام اور طبی خدمات کا خلاصہ کیا اور اس ادارے کی دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی کے لیے برجستہ اور بر محل دعائیں کیں ۔واضح رہے ڈاکٹر صدر محترم کی ہدایت کے تحت کچھ عرصہ سے جموں میں ہی اقامت گزیں ہیں ۔جمعیت منزل جموں سنجواں سے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر یہاں جمعیت کے اہتمام سے ہورہے کام کو دیکھنے اور ہدایت فراہم کرنیکے ساتھ ساتھ جمعیت کے مکاتب مدارس اور مساجد میں ہورہے تعلیمی اصلاحی اور د ینی تقاریب میں شرکت کر رہے ہیں درسو پورہ جموں کی اس تقریب سے جمعیت کے جو جید جموی علماء اور ذمہ داران مخاطب ہوئے ان میں بطور خاص مولانا محمد ابراہیم سلفی ،مولانا اکرم ریاضی ، مولانا کریم بخش محمدی ، مولانا شفیق الرحمن سلفی ، مولانا عبدالحمید سنابلی اور الاستاذ نصیر الدین بانڈے شامل ہیں جن کے شاہکار خطابات کی گونج مدتوں سنائی دے گی ۔ان شاء اللہ دکتور عبداللطیف الکندی صاحب اور دیگر علمائے کرام کے ہاتھوں بچوں کو دئیے جانے والے انعامات کے پر کیف مناظر بہت دیر تک لوح ذہن پر ثبت رہیں گے۔