محمد خالد داروگر، دولت نگر، سانتا کروز، ممبئی
یوپی میں یوگی حکومت کا دور اقتدار بدترین دور اقتدار کہا جاسکتا ہے کیونکہ اس میں مسلمانوں کو ایک منصوبہ بند طریقے سے ہر فیلڈ میں نشانہ بنا کر ان کو کمزور کرنے کی پوری کوشش کی گئی آر ایس ایس اور بی جے پی نے اسی مقصد کے تحت ہی انہیں وزیر اعلیٰ بنایا تھا اور یوگی نے یہ کرکے دکھا دیا اور ان کا ایک مقصد یہ بھی تھا کہ یوپی سے مسلمانوں کی لیڈر شپ کو ختم کرکے رکھ دیا جائے اس میں بھی وہ کامیاب رہے۔ یوگی کے دل میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نفرت شروع سے ہی کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے اور یوپی کا وزیر اعلیٰ بننے کے بعد اس دشمنی کو انہوں نے عملی جامہ پہنایا اور مسلمانوں کو اکھاڑ پھینکنے کی پوری کوشش کی۔ یوپی میں انتخابات کا بگل بج گیا ہے اس میں مسلمانوں کی اولین ترجیح کیا ہونا چاہیے یہ سب سے بڑا سوال ہے جو اس وقت یوپی کے مسلمانوں کے سامنے ہے۔ یوپی کے مسلمانوں کی پہلی ترجیح یہ ہونا چاہیے کہ کس طرح سے وہ یوگی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کر سکتے ہیں اور انہیں اس کے لیے بہت ہی غور وفکر کی ضرورت ہے۔ مسلمانوں کے سامنے تین اوپشن ہیں ایک سماج وادی پارٹی، دوسرا کانگریس پارٹی اور تیسرا اسدالدین اویسی کی پارٹی، اس وقت جو خبریں آرہی ہیں اس کے مطابق سماج وادی پارٹی ہی یوگی کو اقتدار سے بے دخل کر سکتی ہے۔ کانگریس پارٹی پہلے ہی یوپی میں بے جان ہوچکی ہے پرینکا گاندھی کوشش کر رہی ہے کہ کسی طرح اس میں دوبارا جان ڈالی جائے لیکن اس میں بہت وقت لگے گا اور وہ اس وقت کسی بھی صورت میں یوگی حکومت کا مقابلہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے اور ایسے وقت میں حضرت مولانا توقیر رضا خان صاحب کا یوپی الیکشن میں کانگریس پارٹی کی حمایت کرنا مسلمانوں کے لیے سوالیہ نشان کھڑا کرنا ہے یہ تو درپردہ یوگی کی حمایت کرنا جیسا ہی ہے۔ مولانا سجاد نعمانی صاحب نے ایک خط حال ہی میں اسدالدین اویسی صاحب کو لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ انہی سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑا کریں جہاں انہیں جیتنے کی پوری امید ہو اور بقیہ سیٹوں پر سیکولر پارٹیوں کی حمایت کریں۔ موجودہ حالات کے پیش نظر مولانا کا مشورہ بلکل صحیح ہے کیونکہ اس وقت سب سے بڑا چیلنج یوگی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنا ہے اور یہی مسلمانوں کی اولین ترجیح یوپی الیکشن میں ہونا چاہیے۔