دو پہیہ گاڑیاں لگڑری زمرے میں نہیں ،اب عوام کی ضرورت بن گئی ہیں:ایف اے ڈی اے
یواین آئی
نئی دہلی؍؍ آٹوموبائل ڈیلروں کی سب سے بڑی تنظیم فیڈریشن آف آٹوموبائل ڈیلرز ایسوسی ایشن ( ایف اے ڈی اے) نے مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن سے اگلے مالی سال کے بجٹ میں دو پہیہ گاڑیوں پر جی ایس ٹی کی شرح 28 فیصد سے کم کرکے 18 فیصد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔تنظیم نے اس سلسلے میں وزیرخزانہ کو بھیجے گئے میمورنڈم میں کہا ہے کہ دو پہیہ گاڑیوں پر بھی دیگر گاڑیوں کی طرح اس وقت 28 فیصد جی ایس ٹی اور دو فیصد سرچارج ہے جسے کم کر کے 18 فیصد کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ زیادہ تر دو پہیہ گاڑیاں لگڑری زمرے میں نہیں ہیں اور اب یہ عوام کی ضرورت بن گئی ہے۔تنظیم نے اپنے میمورنڈم میں ان مسائل کو اٹھایا ہے جو آٹوموبائل انڈسٹری کو متاثر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹیل اور دیگر مصنوعات کی مانگ بڑھنے کے باعث ہر تین سے چار ماہ بعد گاڑیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ کرنا پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے مانگ پراثر پڑا ہے۔ جی ایس ٹی میں کمی کئے جانے سے نہ صرف مانگ بڑھانے میں مدد ملے گی بلکہ اس سے صنعت کو بھی تقویت ملے گی۔ایف اے ڈے اے کا کہنا ہے کہ جی ایس ٹی میں کمی کئے جانے سے گاڑیوں کی فروخت بڑھے گی تواس سے حکومت کے لیے ٹیکس ریونیو میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس کے ساتھ تنظیم نے پرانی گاڑیوں پر جی ایس ٹی کو کم کرکے پانچ فیصد کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس وقت ان گاڑیوں پر 12 فیصد اور 18 فیصد جی ایس ٹی ہے۔ 4000 ملی میٹر سے چھوٹی گاڑیوں پر 12 فیصد جی ایس ٹی ہے۔ اس سے بڑی گاڑیوں پر 18 فیصد جی ایس ٹی ہے۔