گاندربل؍؍ ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کرتیکا جیوتسنا نے آج یہاں ضلع میں آنے والے 73 ویں یوم جمہوریہ 2022ء کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے اَفسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ابتداً قمریہ گرائونڈ میں سیکورٹی اِنتظامات ، نشستوں کے اِنتظامات ، پارکنگ کے اِنتظامات ، صفائی ، پینے کے پانی ، بجلی ، طبی اِمداد اور دیگر ایمرجنسی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی غور وخوض ہوا جہاں مرکزی تقریب کا اِنعقاد کیا جائے گا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ اَفراد کو ہدایت دی کہ ٹرانسپورٹ ، پارکنگ ، نشستوں کی جگہ ، پینے کے پانی کی دستیابی ، بجلی کی بلا خلل فراہمی ، صحت ، فائر اینڈ ایمرجنسی سٹاف کی تعیناتی اور دیگر متعلقہ اِنتظامات سمیت مختلف سہولیات کے اِنتظامات کو یقینی بنایا جائے۔محکمہ صحت کو ہدایت دی گئی کہ 24؍ جنوری کو ہونے والی فل ڈریس ریہرسل اور 26؍ جنوری کو ہونے والی مرکزی تقریب کے موقعہ پر ایمبولنس کامناسب عملہ اور ادویات کے ساتھ تعینات کیا جائے ۔اِس کے علاوہ تقریب کے دن سامعین کی تھرمل سکریننگ ،ابتدائی طبی امداد، سینی ٹائزر اور ماسک کا انتظام کیاجائے۔پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے کہا گیا کہ وہ ریہرسل کے دوران اور مرکزی تقریب کے دِن مناسب پاور بیک اَپ کے ساتھ بلاخلل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے ۔ محکمہ پی ایچ اِی کو 24؍ جنوری سے مذکورہ جگہ پر واٹر ٹینکروں کو رکھنے کی ہدایت دی گئی۔میونسپل کونسل گاندربل سے کہا گیا ہے کہ وہ صفائی ستھرائی کے مناسب اِقدامات کرے تاکہ پنڈال میں اور اس کے آس پاس مناسب صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جاسکے۔ڈی سی نے قومی دِن کی تقریبات سے متعلقہ مختلف سرگرمیاں اَنجام دیتے ہوئے کووِڈ ایس او پیز کی سختی سے تعمیل کرنے پر زور دیا۔اُنہوںنے اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہا کہ تمام شرکأ ریہرسل کے دوران اور مقررہ دِن پر کووِڈ سے متعلقہ پرووٹوکول کی سختی سے پابندی کریں تاکہ اِنفیکشن کے خطرے سے بچاجاسکے۔ میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فاروق احمد بابا، سی پی او، اے سی پی ، آر اینڈ بی، پی ایچ اِی ، پی ڈی ڈی ، صحت، ایجوکیشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئراَفسران نے شرکت کی۔