یواین آئی
نئی دہلی؍؍انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کے شوہر رابرٹ واڈرا سے مبینہ طور پر غیر ملکی جائیداد ررکھنے سے متعلق منی لانڈرنگ کے معاملے میں جمعرات کو مسلسل دوسرے دن بھی پوچھ گچھ کی۔ ای ڈی نے مسٹر واڈرا سے بدھ کو قریب ساڑھے پانچ گھنٹے پوچھ گچھ کرنے کے بعد انھیں جمعرات کو دوبارہ بلایا تھا۔ آج دو گھنٹے تک پوچھ گچھ کی جاچکی ہے اور لنچ کے بعد ان سے دوبارہ پوچھ گچھ ہوگی۔ مسٹر واڈرا سے ای ڈی کے ایک جوائنٹ ڈائریکٹر اور دو ڈپٹی ڈائریکٹر پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ یہ معاملہ لندن میں ایک جائیداد سے جڑا ہے ۔ بدھ کو تقریبا پانچ گھنٹے پوچھ گچھ کے بعد مسٹر واڈرا کے ای ڈی دفتر سے باہر آنے کے بعد ان کے وکیل نے صحافیوں سے کہا تھا کہ ان کے موکل نے پوچھ گچھ کے دوران لندن میں جائیداد ہونے سے انکار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر واڈرا نے تفتیش میں تعاون دیا اور تمام سوالوں کے جواب دیے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر واڈرا نے اس معاملے میں دیگر ملزموں سے ربط رکھنے سے بھی انکار کیا۔ ان کے موکل نے اس معاملے میں ہمیشہ تعاون کیا ہے اور اب تک 15 نوٹس جاری کیے گئے تھے اور تمام جواب دیے گئے ہیں۔ دہلی کی ایک عدالت نے اس معاملے میں مسٹر واڈرا کو 16 فروری تک عبوری ضمانت دی ہے ۔ عدالت نے ان سے جانچ ایجنسی کو تعاون دینے اور تفتیش میں شامل ہونے کی ہدایت بھی دی۔