وادی کشمیر میں برف باراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی
ملک شاکر/یواین آئی
جموں/سرینگر؍؍وادی کشمیر کو ملک وبیرون دنیا کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر۔جموں قومی شاہراہ منگل کے روز بھی یک طرفہ ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے کھلی رہی اور گاڑیوں کو سری نگر سے جموں روانہ ہونے کی اجازت دی گئی۔ ٹریفک حکام کی وساطت سے یو این آئی کو معول ہوا کہ تین سو کلومیٹر طویل سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ منگل کے روز بھی یک طرفہ ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے کھلی رہی اور گاڑیوں کو سری نگر سے جموں روانہ ہونے کی اجازت دی گئی تاہم اس دوران کسی بھی گاڑی کو مخالف سمت سے چلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ شب شاہراہ پر مٹی کے تودے گر آنے کی وجہ سے درماندہ ہوئی گاڑیوں کو ملبہ صاف کرنے کے بعد چلنے کی اجازت دی گئی ہے۔ شاہرہ پر پنتھال کے بانہال۔رام بن علاقے، گاگرہ، انوکھی فال اور دیگر کئی مقامات پر چٹانیں کھسک آنے اور کئی مقامات پر برف باری سے پھسلن پیدا ہونے کی وجہ گذشتہ ماہ کے دوران ٹریفک کی نقل وحمل زیادہ تر متاثر ہی رہی۔ ادھر محکمہ موسمیات نے 7 فروری تک وادی میں برف وباراں کی پیش گوئی کی ہے جس کے باعث شاہراہ پر ایک بار پھرٹریفک متاثر ہونے کو بعید از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ وادی کے لئے شاہ رگ کی حیثیت رکھنے والی قومی شاہراہ بند رہنے سے اہلیان وادی کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ جہاں ایک طرف اشیائے ضروریہ کی قلت سے ہر سو ہاہاکار مچ جاتی ہے تو وہیں منافع خور اور ذخیرہ اندوز عناصر گراں فروشی کرنے میں کوئی لیت ولعل نہیں کرتے ہیں۔ وادی کشمیر میں کئی روز تک موسم خشک رہنے کے بعد محکمہ موسمیات نے برف وباراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں منگل کے روز سے ہی ہلکی برف باری متوقع ہے جبکہ بدھ کے روز جنوبی کشمیر بشمول پیر پنچال رینج میں موسم کی حالت مزید ابتر ہوسکتی ہے۔ ادھر وادی میں منگل کے روز صبح سے ہی مطلع ابر آلود رہا تاہم اس دوران آفتاب بھی گاہے بگاہے بادلوں کی اوٹ سے باہر نکل آیا۔ دریں اثنا موسمی پیش گوئی کے پیش نظر صوبائی انتظامیہ نے بھی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ صوبائی کمشنر بصیر خان نے متعلقہ ترقیاتی کمشنروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ لوگوں کو نقل وحرکت کے دوران احتیاط برتنے کی صلاح دیں اور ایسے علاقوں میں جانے سے احتراز کریں جہاں تودے گر آنے کا اندیشہ رہتا ہے۔ ریاست کی گرمائی راجدھانی سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ وادی کے مشہورترین سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی2.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔ قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.1 ڈگری سینٹی گریڈ رہکارڑ کیا گیا جبکہ خطہ لداخ کے لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.2ڈگری سینٹی گریڈ اور کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 17.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔ ریاست کی سرمائی راجدھانی جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ کٹرہ میں کم سے کم درجہ حرارت 10.0 سینٹی گریڈ، بٹوٹ میں 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ، بانہال میں1.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور بھدرواہ میں 1.6 سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔