ہمسایہ ممالک اور خطے کیلئے اہم مضمرات : اجیت ڈوول
لازوال ڈیسک
نئی دہلی؍ قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول نے بدھ کو یہاں افغانستان پر علاقائی سلامتی کے مذاکرات کی صدارت کی اور کہا کہ ملک میں ہونے والی پیش رفت کا نہ صرف افغانستان کے لوگوں بلکہ اس کے پڑوسیوں اور خطے کیلئے بھی اہم مضمرات ہیں۔قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول نے اپنی تقریر کے دوران کہاکہ ہم آج افغانستان سے متعلق معاملات پر بات کرنے کیلئے ملاقات کر رہے ہیں۔ ہم سب اس ملک میں ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوںنے خبردارکیاکہ اس کے نہ صرف افغانستان کے لوگوں کیلئے بلکہ اس کے پڑوسیوں اور خطے کیلئے بھی اہم مضمرات ہیں۔افغانستان کے بارے میں نئی دہلی میں ہونے والے اجلاس میں روس اور ایران کے علاوہ وسطی ایشیا کے پانچ ممالک تاجکستان، کرغزستان، قازقستان، ازبکستان اور ترکمانستان کے قومی سلامتی کے مشیر شرکت کر رہے ہیں۔وزارت خارجہ نے پہلے ایک پریس ریلیز میں کہا تھا کہ میٹنگ کے دوران، ممالک افغانستان میں حالیہ پیش رفت سے پیدا ہونے والی خطے میں سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔اس سے قبل ایران نے بھی اسی طرز پر مذاکرات کی میزبانی کی تھی۔یہ 2018 اور 2019 میں تہران کی جانب سے شروع کئے گئے فارمیٹ یاعمل کا تسلسل ہے، تاہم اس بار مذاکرات میں7 ممالک کی سب سے زیادہ شرکت دیکھنے کو ملے گی۔وزارت خارجہ کی پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ مذاکرات میں سیکورٹی کے متعلقہ چیلنجوں سے نمٹنے اور امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے میں افغانستان کے عوام کی حمایت کرنے کے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔وزارت خارجہ نے کہاکہ ہندوستان نے روایتی طور پر افغانستان کے لوگوں کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات کا لطف اٹھایا ہے اور اس نے افغانستان کو درپیش سلامتی اور انسانی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ایک متفقہ بین الاقوامی ردعمل کا مطالبہ کیا ہے۔وزارت خارجہ نے کہا کہ نئی دہلی میں جاری بات چیت اس سمت میں ایک قدم ہے۔