نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ 17 نومبر سے شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان
یواین آئی
نئی دہلی؍؍نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ 17 نومبر سے شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان منگل کو کیا گیا۔ روہت شرما کی کپتانی والی اس 16 رکنی ٹیم میں آئی پی ایل 2021 کے اسٹار کھلاڑی رتوراج گائیکواڑ، وینکٹیش ایر، ہرشل پٹیل اور اویس خان کو جگہ ملی ہے۔چیتن شرما کی زیرقیادت قومی سلیکشن کمیٹی نے آج یہاں نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ گھریلو ٹی۔ 20 سیریز کے لیے روہت شرما کو کپتان اور لوکیش راہل کو نائب کپتان منتخب کیا۔ آئی پی ایل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو انعام سے نوازا گیا ہے۔ ساتھ ہی روہت اور راہل کے ساتھ روی چندرن اشون اور بھونیشور کمار جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ہاردک پانڈیا، جو ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے دوران انجری کا سامنا کرتے ہوئے نظر آئے تھے، کو ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے۔ ہندوستان کے سابق کپتان وراٹ کوہلی نے سیریز سے آرام مانگا تھا اور سلیکٹرز نے ان کا مطالبہ مان لیا ہے۔ وراٹ کے علاوہ تیز گیند باز جسپریت بمراہ اور محمد سمیع اور آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کو بھی آرام دیا گیا ہے۔ہندوستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم: روہت شرما (کپتان)، لوکیش راہل (نائب کپتان)، رتوراج گائیکواڈ، شریئس ایر، سوریہ کمار یادو، رشبھ پنت (وکٹ)، ایشان کشن (وکٹ)، وینکٹیش ایر، یجویندر چہل، روی چندرن اشون، اکشر پٹیل، اویس خان، بھونیشور کمار، دیپک چاہر، ہرشل پٹیل، محمد سراج۔