شہرسرینگرمیں رواں موسم کی سردترین رات۰وادی کے بیشتر علاقوںمیں شبانہ درجہ حرارت نکتہ انجماد سے نیچے
رواں ہفتے رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی کامکان:محکمہ موسمیات
جے کے این ایس
سرینگر؍؍اپنی آمد سے ایک ماہ قبل ہی شہنشاہ زمستان’چلہ کلان‘نے کشمیروادی میں اپنی موجودگی کااحساس دلایاہے ،کیونکہ سری نگرشہر سمیت وادی کے دیگرعلاقوں نے سوموار اورمنگلوارکی درمیانی رات ’سردترین شب‘ کاتجربہ کیا۔خیال رہے چالیس دنوں پرمحیط چلہ کلان ہرسال21دسمبر کووادی میں دستک دیتاہے۔سری نگرسمیت کشمیرکے بیشتر میدانی اوربالائی علاقوںمیں رات کادرجہ حرارت نکتہ انجماد سے نیچے ریکارڈکیاگیاجبکہ دراس اس پورے خطے میں سردترین علاقہ رہا،جہاں رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی12.1ڈگری سینٹی گریڈ اورنزدیکی ضلع لیہہ میں شبانہ درجہ حرارت منفی8.3ڈگری درج ہوا۔محکمہ موسمیات نے خشک موسم جاری رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے رواں ہفتے کے دوران وادی میں رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی آنے کاامکان ظاہرکیاہے۔جے کے این ایس کے مطابق مطلع صاف رہنے کے بیچ سوموار اورمنگلوارکی درمیانی رات سری نگر اور وادی کشمیر کے دیگر بڑے علاقوں نے منگل کو موسم کی سرد ترین رات کا تجربہ کیا ،جہاں زیادہ تر مقامات پر درجہ حرارت صفر سے نیچے چلا گیا جبکہ لداخ کے علاقے میں دراس منفی 12.1 ڈگری سیلسیس پر جم گیا اور لیہہ منفی8.3 ڈگری ریکارڈکیاگیا۔سری نگرمیں قائم محکمہ موسمیات کے علاقائی دفترکے ایک ذمہ دار نے بتایا کہ وادی کشمیر کے بیشتر حصوں میں سردی کی صورتحال شدت اختیار کرگئی جس کے ساتھ سرینگر میں درجہ حرارت مزید گر گیا اور اس موسم کے دوران پہلی بار کم سے کم درجہ حرارت منفی0.5 ڈگری سینٹی گریڈکے ساتھ موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی۔سرینگر شہر کے بیشتر علاقوں میں منگل کو صبح سویرے ہی گھنی دھند چھائی رہی جس سے حد نگاہ کم ہوگئی اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔ گھنی دھند کے باعث مشہور ڈل جھیل اور بلیوارڈ روڈ پر بھی حد نگاہ مدھم پڑ گئی اور گاڑیاں سڑک پر ہیڈ لائٹ پر چل رہی تھیں۔ تاہم طلوع آفتاب کے ساتھ ہی دھند آہستہ آہستہ ختم ہو گئی۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ شمالی کشمیرمیں واقع مشہورسیاحتی مقام گلمرگ میں سوموار اورمنگلوارکی درمیانی رات درجہ حرارت منفی 1.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ جنوبی کشمیرمیں واقع معروف سیاحتی مقام پہلگام میں سوموار اورمنگلوارکی درمیانی رات درجہ حرارت منفی 1.1 ڈگری سیلسیس پر رہا۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ سری نگر جموں قومی شاہراہ پر قاضی گنڈ میں وموار اورمنگلوارکی درمیانی رات درجہ حرارت منفی1.8 ڈگری سیلسیس اور جنوبی کشمیر کے معروف علاقہ کوکرناگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی 0.6ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ شمالی کشمیرکے سرحدی کشمیر ضلع کپواڑہ کاشبانہ درجہ حرارت 0.4ڈگری سیلسیس درج کیاگیا۔محکمہ موسمیات نے مزیدجانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایاکہ لداخ یونین ٹیریٹری میں دراس خطہ سب سے سرد مقام تھا جہاں کم از کم درجہ حرارت منفی 12.1 ڈگری سیلسیس تک گر گیا اور اس کے بعد لیہہ میں منگل کو منفی8.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیاجبکہ کرگل میں شبانہ درجہ حرارت منفی6.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔اس دوران محکمہ موسمیات نے کشمیروادی کے ساتھ ساتھ جموں،خطہ پیرپنچال اورچناب وادی میں خشک موسم جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ مطلع صاف اورموسم خشک رہنے کے باعث اس ہفتے کے دوران وادی کشمیر میں رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی دیکھی جائے گی۔