کہاکچھ لیڈر اپنے غلط ایجنڈوں کی حمایت کرکے وادی کے نوجوانوں کے مستقبل کو خراب کررہے ہیں
لازوال ڈیسک
پونچھ؍؍ بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا نے پیر کو اپنے ایک بیان میںکہا کہ کشمیری قیادت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوانوں کو علیحدگی کی طرف راغب کرنے کے بجائے قوم پرستی کو اپنانے میں رہنمائی کریں۔کویندر گپتا نے یہ بات یہاں پارٹی کارکنوں کی میٹنگ سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی۔ تاہم انہوں نے وادی کشمیر کے قائدین کی طرف سے ملک دشمن عناصر کی حمایت کرنے کے کردار کی مذمت کی، خاص طور پر لوگوں کے بھارت پر پاک فتح کا جشن منانے کے حالیہ واقعہ کے حوالے سے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے تمام عناصر سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے تاکہ ملک بھر میں یہ پیغام جائے کہ ہندوستان کے غاصب مزید آزاد نہیں ہو سکتے کیونکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی کی حکومت ایسا کبھی نہیں ہونے دے گی۔کویندر نے کہا کہ کچھ لیڈر اپنے غلط ایجنڈوں کی حمایت کرکے وادی کے نوجوانوں کے مستقبل کو خراب کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ معاشرے کے لیے مشعل راہ بن کر معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ سرحدی ضلع میں پارٹی کی بنیاد کو مضبوط کرنے کے لئے بامعنی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی پالیسیوں اور کامیابیوں کے بارے میں معلومات کو پھیلانا لوگوں کو پارٹی میں شامل ہونے اور قیادت کی حمایت حاصل کرنے کی ترغیب دینے کی کلید رکھتا ہے۔