شاکر صدیقی ضلع انتظامیہ کشتواڑ پر برہم

0
0

خراب موسم کی پیشنگوئی کے باوجود سنتھن و مرگن ٹاپ پر آمدورفت کی اجازت کیوں؟
بابر فاروق

کشتواڑ؍؍موسم کے کروٹ بدلنے سے، تیز برف باری و موسلادھار بارش کے سبب ضلع کشتواڑ کے کچھال علاقہ سے تعلق رکھنے والے امتیاز احمد، ڈڈپیٹھ علاقہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان داؤد مجید اور سمینہ کشتواڑ سے تعلق رکھنے کلونت سنگھ کو موت واقع ہوئ۔ امتیاز احمد و داؤد مجید برف باری کی وجہ سے سنتھن میں درماندہ ہونے کی وجہ سے دم توڑ بیٹھے جبکہ ضلع ہسپتال کشتواڑ میں بطور ایمبولینس ڈرائیور اپنے فرائض انجام دینے والے کلونت سنگھ مڑواہ سے کشتواڑ کی طرف سفر کرتے ہوئے مرگن ٹاپ پر درماندہ ہوئے اور شدید سردی کی وجہ سے دم توڑ بیٹھے۔ امتیاز احمد و داؤد مجید کو گزشتہ کل پرنم آنکھوں سے سپرد خاک کیا گیا لیکن ایمبولینس ڈرائیور کلونت سنگھ کی نعش کو ابھی تک کشتواڑ منتقل نہیں کیا گیا۔ پبلک اویرنس فرنٹ کشتواڑ کے صدر سعید شاکر حسین صدیقی نے پریس کے نام ایک بیان جاری کیا۔ جاری کردہ بیان میں شاکر صدیقی نے تینوں افراد کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ اپنے بیان میں شاکر صدیقی نے ضلع انتظامیہ کشتواڑ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سوال کیا کہ اگر موسمی حالات خراب ہونے کی پیشنگوئی دی گئی تھی تو انتظامیہ نے کیوں کشتواڑ کے بالائی علاقوں میں گاڑیوں کو آمدورفت کی اجازت دی؟۔ انہوں نے کلونت سنگھ کی موت پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کیا ہسپتال انتظامیہ موسمی حالات کی پیشنگوئی سے واقف نہیں تھی جو انہوں نے کلونت سنگھ کو کشتواڑ کے دوردراز علاقہ میں گاڑی لے کر روانہ کیا اور وہاں سے واپس لوٹنے پر وہاں کی پولیس انتظامیہ نے انہیں کیوں واپس نکلنے کی اجازت دی۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ و ہسپتال انتظامیہ سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کلونت سنگھ انتظامیہ کی طرف سے غیرجانبدارانہ رویہ حیران کن ہے ، دو روز گزر جانے کے بعد بھی انکی نعش کو کشتواڑ منتقل نہیں کیا گیا ہے۔ کیا انتظامیہ کا یہی رویہ ایک ایسے سرکاری ملازم کے ساتھ ہونا چاہیے جو ہمیشہ دن رات عوام کی خدمت کرنے کے لیے حاضر رہتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کا کہ رویہ ناقابلِ برداشت ہے اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ کلونت سنگھ کی نعش کو انکے لواحقین تک پہچانے کے لیے فوراً کچھ قدم اٹھایا جائے۔ اطلاعات کے مطابق محکمہ صحت کے ملازمین نے بھی ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ سے اپیل کی کہ ایمبولینس ڈرائیور کلونت سنگھ کی نعش کو بذریعہ جہاز کشتواڑ منتقل کیا جائے تاکہ انکے آخری رسومات ادا کیے جائیں۔ انتظامیہ نے محکمہ صحت کے ملازمین کو یقین دلایا کہ موسمی حالات میں سدھار آتے ہی بذریعہ جہاز کلونت سنگھ کی نعش کو کشتواڑ منتقل کیا جائے گا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا