ابوظہبی// آسٹریلیا نے ہفتے کے روز اپنے گیندبازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت یہاں ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے افتتاحی میچ میں جنوبی افریقہ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر پورے پوائنٹس حاصل کیے۔
آسٹریلیا نےجنوبی افریقہ کو گروپ 1 کے اس مقابلے میں نو وکٹوں پر 118 رن کے معمولی اسکور پر روکنے کے بعد 19.4اوور میں پانچ وکٹ پر 121 رن بنا کر ٹورنامنٹ میں شاندار جیت کے ساتھ آغاز کیا۔ ہدف مشکل نہیں تھا اور کپتان آرون فنچ کے صفر اور ڈیوڈ وارنر کے 14 رنز بنانے کے بعد اسٹیون اسمتھ نے 34 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 35 رنز ، گلین میکسویل نے 21 گیندوں پر 18 رنز ، مارکس اسٹوئنس نے16 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 24 رنز اور وکٹ کیپر میتھیو ویڈ نے 10 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 15 رن بنا کر ٹیم کو جیت دلائی۔ میچ میں 19 رن پر دو وکٹ لینے والے تیزگیندباز جوش ہیزلووڈکو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔
ٹاس ہارنے کے بعدپہلے بلے بازی کرنے اتری جنوبی افریقہ کی ٹیم شروعات سے ہی جدوجہد کرتی رہی، جس کی وجہ سے وہ 20 اوور میں نو وکٹ پر 118 رن ہی بناسکی۔ آسٹریلیائی گیندبازوں خاص طور پر جوش ہیزل ووڈ ، پیٹ کمنس اور ایڈم جمپا نے کسی ہوئی گیندبازی کے ذریعہ تینوں سلامی بلے بازوں کو باندھ کر رکھا۔
کوئنٹن ڈی کاک کے ساتھ اوپننگ کرنے آئے کپتان ٹیمبا باوما پہلا شکار بنے۔ انہیں پارٹ ٹائم گیندباز گلین میکسویل نے آؤٹ کیا۔ انہوں نے دو شاندار چوکوں کی مدد سے سات گیندوں میں 12 رنز بنائے۔ اس کے ساتھ ہی ڈی کاک 12 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے سات رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ پاکستان کے خلاف آخری وارم اپ میچ میں دھماکہ خیز سنچری بنانے والے راسی وین ڈیر ڈوسن تین گیندوں میں دو رن بناکر آوٹ ہوگئے۔
ٹاپ آرڈر فلاپ ہونے کے بعد مڈل آرڈر بلے باز ایڈن ماکرم نے اننگز کو سنبھالا، جس میں ہینرک کلاسین نے ان کا ساتھ دیا، حالانکہ کلاسن لمبی اننگز نہیں کھیل سکے اور دو چوکوں کی مدد سے 13 گیندوں پر 13 رن بناکر آوٹ ہوگئے۔اس کے بعد تجربہ کار بلے باز ڈیوڈ ملر نے ماکرم کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 34 رنز کی اہم شراکت داری کی۔ اگرچہ ملر نے اپنا فطری کھیل نہیں دکھا سکے اور بغیر کوئی چوکا لگائے 18 گیندوں پر 16 رنز بنانے کے بعد اپنی وکٹ گنوا دی ، لیکن ماکرم دوسرے سرے پر موجود رہے اور 36 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک کی مدد سے 40 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔وہیں آخر میں تیزگیندباز کیگسوا ربادا نے بھی ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 23 گیندوں پر 19 رن بنائے۔ اس کے تعاون سے ٹیم 118 کے اسکور تک پہنچ سکی۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے چار اوور میں 19، ایڈم جمپا نے چار اوورز میں 21 اور مشل اسٹارک نے چار اوورز میں 32 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ ساتھ ہی پیٹ کمنس اور گلین میکسویل کو بھی ایک ایک وکٹ ملی۔