سری نگر،// محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں اور بالائی علاقوں میں درمیانی درجے کی برف باری کا سلسلہ جمعے کی شام سے ہی شروع ہوا جس سے معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران موسمی صورتحال جوں کی توں رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں موسمی صورتحال 24 اکتوبر کی دوپہر تک جوں کی توں رہنے کی توقع ہے تاہم اس کے بعد موسم میں بہتری واقع ہوسکتی ہے اور 2 نومبر تک موسم خشک رہ سکتا ہے۔
ادھر وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر بھی ہفتے کے روز ٹریفک کی نقل و حمل بند رہی۔
ایک ٹریفک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ موسلا دھار بارشوں کے باعث کئی مقامات پر مٹی کے تودے اور چٹانیں کھسکنے سے سری نگر- جموں قومی شاہراہ کو ہفتے کے روز ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند رکھا گیا۔