ایس او ایس انٹرنیشنل نے 22 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منایا
لازوال ڈیسک
جموں // اپنی روایت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس او ایس انٹرنیشنل نے یہاں جموں کے بخشی نگر میں واقع تنظیم کے ہیڈ کوارٹر میں 22 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منایا ۔وہیںاس موقع پر ہندو اور سکھ برادریوں کے ہزاروں لوگوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا جن کا 1947 میں جموں و کشمیر میں پاکستانی حملے کے دوران قتل عام کیا گیا تھا۔ مقررین نے پی او کے سے بے گھر افراد کے خاندانوں کے بارے میں مرکزی علاقائی انتظامیہ کے مسلسل بے حسی رویے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وہیں اس موقع پر اپنے خطاب میں ایس او ایس انٹرنیشنل کے چیئرمین راجیو چونی نے کہا جموں و کشمیر کے بااعتماد شہری ہونے کے باوجود ہم نے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کرنے کی حمایت کی ۔ انہوں نے کہا جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے ساتھ پی او کے سے ہزاروں بے گھر خاندان انتظار کر رہے تھے کہ ان کے دیرینہ مطالبات پورے ہوں گے۔ لیکن حکومت ہمیں ’’ اچھے دن ‘‘ کا وعدہ دینے کے بجائے ، طویل عرصے سے نظر انداز کیے جانے والے پی او کے بے گھر لوگوں کیلئے مکمل طور پر نا کام رہی ہے ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ این سی کانگریس کی ریاستی حکومت کی طرف سے اکتوبر 2014 میں منظور کردہ فلاحی پیکیج کو بھی حکومت ہند اور مرکز کے زیر انتظام انتظامیہ نے چھوڑ دیا ہے۔علاوہ ازیں انہوں دیگر مسائل بھی اٹھائے اور انتظامیہ کی عدم توجی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ۔