24 اکتوبر کو جموں میں ریلی سے خطاب کریں گے
یواین آئی
جموں؍؍مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے تین روزہ دورہ جموں و کشمیر کے پیش نظر وادی کشمیر بالخصوص شہر سری نگر کے قرب و جوار میں سکیورٹی کا فقید المثال بندوبست کیا گیا ہے۔بتا دیں وزیر داخلہ امت شاہ ہفتے کے روز جموں و کشمیر کے تین روزہ دورہ پر سری نگر پہنچ رہے ہیں۔ یہ پانچ اگست 2019 کے بعد ان کا پہلا دورہ یونین ٹریٹری ہے۔تفصیلات کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اپنے تین روز دورہ جموں و کشمیر کے دوران 24 اکتوبر کو جموں میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے ۔ذرائع نے یو این آئی کو یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ریلی کا مقام بھگوتی نگر مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا: ‘مسٹر شاہ 23 اکتوبر کو سری نگر پہنچیں گے اور پھر اگلے دن جموں کا دورہ کریں گے۔ وہ یہاں پبلک ریلی سے خطاب کرنے کے علاوہ مقامی بی جے پی لیڈران اور دیگر گروپوں سے ملاقاتیں کریں گے’۔ایک سینیئر پولیس افسر نے بتایا کہ وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر جموں میں بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا: ‘شہر میں مختلف مقامات پر عارضی ناکے بٹھائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سرحدی علاقوں میں نگرانی بڑھائی گئی ہے’۔دریں اثنا وزیر داخلہ کے دورہ جموں وکشمیر کے پیش نظر فوج اور جموں پولیس نے جمعے کو یہاں نگروٹہ میں واقع وائٹ نائٹ کارپس ہیڈکوارٹرز پر ایک مشترکہ سکیورٹی جائزہ کانفرنس منعقد کی۔ایک فوجی عہدیدار نے بتایا کہ اس سکیورٹی جائزہ کانفرنس کی صدارت وائٹ نائٹ کارپس کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سوچھندرا کمار نے کی۔انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں فوج، پولیس اور انٹیلی جنس و دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کے اعلیٰ افسروں نے شرکت کی۔جموں زون پولیس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل مکیش سنگھ نے بھی اس کانفرنس میں شرکت کی۔یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے جمعے کے روز شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے بتایا کہ شہر کے تمام علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ناکوں کے جال کو مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جنگی ساز و سامان سے لیس سیکورٹی اہلکار انتہائی چوکنا ہیں اور ناکوں پر موٹر سائیکلوں کی ضبطی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔موصوف نامہ نگار نے بتایا کہ ناکوں پر مسافر بردار گاڑیوں کی بھی تلاشی کی جاتی ہے اور ان میں سوار مسافروں کی بھی جامہ تلاشی اور ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کئی مقامات پر راہگیروں کو بھی روک کر ان کی تلاشی اور شناختی کارڈ چیک کئے جاتے ہیں۔نامہ نگار نے بتایا کہ لالچوک، بٹہ مالو، جہانگیر چوک، ہری سنگھ ہائی سٹریٹ، ریگل چوک وغیرہ اور پائین شہر کے منور آباد، رعناواری، خانیار، نوہٹہ وغیرہ میں اہم چوراہوں پر لگے ناکوں پر گاڑیوں، راہگیروں خاص کر موٹر سائیکل سواروں کو روکا جا رہا ہے اور ان کی جامہ تلاشی اور شناختی کارڈوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔دریں اثنا وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر حکام نے سری نگر میں بلیوارڈ روڈ کو بڈیاری چوک سے نشاط تک اور گپکار روڈ کو 23 سے 25 اکتوبر تک بند رکھا ہے۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا دورہ کشمیر اس وقت ہو رہا ہے جب یہاں حال ہی میں نامعلوم بندوق براداروں کے ہاتھوں اقلیتوں اور غیر مقامی لوگوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔رپورٹس کے مطابق اپنے دورے کے دوران موصوف وزیر داخلہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا فوج، پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے اعلیٰ افسروں کے ساتھ میٹنگیں کریں گے۔وزیر داخلہ بی جے پی لیڈروں اور امکانی طور پر پنچایتی راج کے کارکنوں کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔