جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف نے مل کر ایک ڈرون بیٹ بنایا ہے
یواین آئی
سرینگر؍؍جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف نے سری نگر کے اْن علاقوں جہاں اقلیتی طبقے کے لوگ رہائش پذیر ہیں، کی فضائی نگرانی کے لئے ڈرونز کام پر لگا دیے ہیں۔اس سلسلے میں ایک ڈرون کی جمعے کے روز یہاں لالچوک میں واقع پرتاب پارک میں آزمائش بھی کی گئی۔اس موقع پر سی آر پی ایف کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آپریشنز میتھیو اے جان نے نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ جو سری نگر میں حالیہ واقعات ہوئے ان کی بنیاد پر جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف نے مل کر ایک ڈرون بیٹ بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈرونز کو سری نگر کے ان علاقوں جن میں اقلیتی طبقے کے لوگ رہائش پذیر ہیں، کی نگرانی کے لئے استعمال کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ لالچوک اور متصل علاقوں کی بھی فضائی نگرانی رکھی جائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ لالچوک میں پولیس اور سی آر پی ایف نے مزید ناکوں کو لگا دیا ہے تاکہ مشکوک افراد کی نقل و حمل پر کڑی نگرانی رکھی جا سکے۔