نبی آخرزماں فخر کون ومکاں احمد مجتبیٰ محمد مصطفی کی ولادت باسعادت مخلوق خداوندی کے لئے باعث راحت وسکون اورمشعل ہدایت ورہنمائی
منظور حسین قادری
سرنکوٹ؍؍محسن کائنات فخرموجودات گنبد خضریٰ کے مکین رحمتہ اللعالمین راحت العاشقین مراد المشتاقین سرور سروراں سرورکون ومکاں حضور احمد مجتبیٰ محمد مصطفی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے ولادت باسعادت کی نسبت سے بارہ ریبع النور شریف کو خطہ پیر پنچال کے طول وعرض میں بڑے پیمانہ پر عاشقان مصطفی نے خراج عقیدت پیش کرنے کی غرض سے اجلاس اجتماعات وتقریبات کا اہتمام کیا جس میں تلاوت کلام اللہ ذکرواذکار اورادووظائف نعت ہائے سرور کونین اور علماء کرام کے مواعظ حسنہ کا سلسلہ مدارس مساجد خانقاہوں دارالعلوم جامعات کے علاوہ گھروں میں جاری رہا۔ اس موقع پر علماء کرام نے نبی آخرزماں کے مولود پر بصیرت افروز بیانات سے سامعین وناظرین اور حاضرین کو مستفیض فرمایا اور عوام الناس نے آپس میں تحائف کا تبادلہ کیا اور اخلاقی رواداری ہم آہنگی اتفاق واتحاد کے عمل کو اسلامی اصول وضوابط کیمطابق فروغ وعروج واستقامت کے شیان شان رکھتے ہوئے رفقاء واحباب کے ساتھ دعوت کا سلسلہ حسب دستور جاری رہا اور اس عید کو عالم انسانیت کی فلاح وبہبود اور امت مسلمہ کی کامیابی کامرانی ریاست میں امن وامان کے قیام ودوام کے لئے دعائیں مانگی گئیں ۔معتبر ذرائع کے مطابق پونچھ منڈی مہنڈر سرنکوٹ بفلیاز تھنہ منڈی منجہ کوٹ راجوری بکوری نوشہرہ وریاسی سے جشن میلاد النبی کے اجلاس کی خبریں موصول ہوئیں ہیں جبکہ کہیں سے جلوس برآمد ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔