یواین آئی
سرینگر؍؍جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے نکلورہ علاقے میں نامعلوم اسلحہ براداروں نے دو ہفتے قبل گرفتار ہونے والے ایک جنگجو کے بھائی، جو پیشے سے ایک دکاندار ہے، کو اغوا کیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پلوامہ کے نکلورہ علاقے میں نا معلوم اسلحہ برداروں نے ایک گرفتار شدہ جنگجو کے بھائی کو اغوا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ پستول بردار افراد شکیل احمد صوفی ولد غلام محمد صوفی نامی شہری کے گھر میں داخل ہوگئے اور اس کو اپنے ساتھ لے گئے۔شکیل احمد صوفی شمیم احمد صوفی کے بھائی ہیں جس کو سیکورٹی فورسز نے یکم اکتوبر کو نکلورہ میں ہی ایک پستول اور کچھ اسلحہ سمیت گرفتار کیا تھا۔پولیس کا کہنا تھا کہ شمیم احمد لشکر طیبہ نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ تھا۔دریں اثنا ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغوی دکاندار کو بازیاب کرنے کے لئے آپریشن شروع کیا گیا ہے۔