بجٹ سیشن 31جنوری سے ؛عبوری بجٹ یکم فروری کو پیش کیا جائے گا
یواین آئی
نئی دہلی؍؍حلوے کی روایتی رسم کے ساتھ پیر کے دن عبوری بجٹ تیار کرنے اور بجٹ دستاویزوں کی چھپائی کا عمل شروع ہوگیا۔پارلیمانی بجٹ سیشن 31جنوری سے شروع ہورہا ہے اور مالی سال 20۔2019 کے لئے عبوری بجٹ یکم فروری کو پیش کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سال مئی میں موجودہ حکومت کی معیاد کار ختم ہونے کے پیش نظر یکم فروری کو مکمل بجٹ پیش نہیں کیا جائے گا۔ روایتی طور سے عبوری میں صرف مطالبات زر ہی ہوتاہے حالانکہ کہ وزیرخزانہ ارون جیٹلی نے اس مرتبہ عبوری بجٹ میں مطالبات زر سے زیادہ ہونے کی بات کہہ کر خوش کن اعلان کرنے کے بھی اشارے دیئے ہیں۔نارتھ بلاک میں واقع وزارت خزانہ میں آج حلوے کی رسم ہوئی۔ صحت خراب ہونے کی وجہ سے علاج کے لئے امریکہ جانے والے مسٹرارون جیٹلی اس وقت حلوے کی رسم میں موجود نہیں تھے لیکن دونوں وزرائے مملکت برائے خزانہ شیوپرساد شکلا اور پی رادھا کرشن نے فیتہ کاٹ کر رسم کی ابتدا کی اور وزارت کے ملازمین میں حلوہ تقسیم کئے ۔اس رسم کے ساتھ ہی بجٹ کی تیاری اور چھپائی سے براہ راست منسلک افسران اور ملازمین لوک سبھا میں بجٹ پیش کئے جانے تک وہیں رہیں گے ۔ وہ کسی سے بھی مل نہیں سکیں گے اور نہ ہی اپنے فون کا استعمال کرسکیں گے ۔پارلیمنٹ میں بجٹ پیش کئے جانے کے بعد ہی انہیں باہر جانے کی اجازت ہوگی۔