سری نگر// وسطی کشمیر کے سونہ مرگ علاقے میں پیر کی صبح ایک جے سی بی مشین نالہ سندھ میں جاگرنے سے مشین کا آپریٹر شدید زخمی ہوگیا جبکہ آپریٹرکا دوسرا ساتھی لاپتہ ہوگیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سونہ مرگ کے حاجی قبر علاقے میں پیر کی صبح ایک جی سی بی مشین سڑک سے لڑھک کر نالہ سندھ میں جا گری جس کے نتیجے میں مشین کا آپریٹر شدید زخمی ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی لاپتہ ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ زخمی آپریٹر کو نالے سے نکال کر علاج و معالجے کے لئے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
آپریٹر کی شناخت شاہد احمد گاشی ولد حبیب اللہ گاشی ساکن گنذ ہامہ گاندر بل کے بطور ہوئی ہے۔
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ اس حادثے میں لاپتہ ہونے والے، جس کی شناخت عرفان احمد بٹ ولد بشیر احمد بٹ ساکن گنذ ہامہ گاندربل کے بطور کی گئی ہے، کی غالباً موت واقع ہوئی ہے۔
دریں اثنا سونہ مرگ پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔