’دو سال قبل تعمیر کیا گیا حوض، ابھی تک پیاسا‘

0
0

ضلع ڈوڈہ کے ادھیانپور گاؤں میں عوام محکمہ جل شکتی کے خلاف برہم
فرید احمد نائک

ڈوڈہ؍؍خطہ چناب کے ہر حصے کی طرح ضلع ڈوڈہ میں بھی محکمہ جل شکتی کے عہدیداران کی نااہلی کے باعث عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ یوں محکمہ صحت عامہ کا نام بدل کر محکمہ جل شکتی کر دینے سے بھی عوام کو کوئی فایدہ حاصل نہیں ہو پا رہا ہے۔ضلع صدر مقام ڈوڈہ سے محض چند کلو میٹر کی دوری پر واقع ادھیانپور گاؤں کے لوگ بھی محکمہ جل شکتی کے عہدیداران کی نااہلی کے باعث شدید مشکلات سے دو چار ہیں۔مذکورہ گاؤں سے تعلق رکھنے والے ایک شخص مولوی وسیم احمد کے مطابق اس گاؤں میں دو برس قبل محکمہ کی جانب سے ایک حوض اور فلٹریشن پلانٹ کی تعمیر کا کام عمل میں لایا گیا تھا لیکن دو سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود حوض کو پانی سے خالی رکھا گیا ہے اور فلٹریشن پلانٹ کو ہنوز بند رکھا گیا ہے۔مولوی وسیم احمد کے مطابق وہ اس معاملے کو متعدد بار محکمہ کے عہدیداران کی نوٹس میں لا چکے ہیں لیکن محکمہ جل شکتی کے عہدیداران کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی۔ جبکہ اس فلٹریشن پلانٹ اور حوض کو تعمیر کروانے کے لئے انہوں نے کافی قربانیاں دیں تاکہ ان کے گاؤں میں بسنے والے عوام کو صاف پانی مل سکے۔ مولوی وسیم کے مطابق سال 2017 میں اتحادی حکومت کی نوٹس میں لانے کے بعد انہیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ان کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔لیکن محکمہ جل شکتی کے عہدیداران کی نا اہلی اور کوتاہی کے باعث ان کے گاؤں میں بسنے والے لوگ ابھی فلٹریشن پلانٹ اور حوض سے فیض حاصل نہیں کر پائے ہیں۔ جس کی وجہ سے ان کے گاؤں کے لوگ صاف پانی سے محروم ہیں۔مولوی وسیم نے مزید بتایا کہ پچھلے دو برسوں کے دوران محکمہ متعدد بار حوض کی لائن کے لئے ٹینڈر طلب کر چکا ہے لیکن محکمہ کے عہدیداران کی نااہلی کی وجہ سے کوئی بھی ٹھیکیدار ٹینڈرز دینے کیلئے تیار نہیں ہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ اور ایکزیکٹیو انجینئرمحکمہ جل شکتی سے اس سلسلے میں جلد از جلد نوٹس لینے کی اپیل کی تاکہ عوام کو صاف پانی مہیا کرایا جا سکے۔ اور سرکاری خزانے سے خرچ کی گئی رقم ضائع نہ ہو۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا