یواین آئی
نئی دہلی؍؍وزارت دفاع فوج کے لئے سرکاری شعبہ کے ادارے ہیوی وہیکلس فیکٹری (ایچ وی ایف) سے نئی صلاحیتوں سے لیس 118اہم جنگی ٹینک ارجن اے کے۔ون اے خریدے گی۔یہ ٹینک وزارت دفاع کے ادارے ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) نے تیار کئے ہیں۔ ان میں اس کے پچھلے ایڈیشن ایم کے۔ون کے مقابلہ میں 72نئی خصوصیات ہیں اور یہ پہلے سے زیادہ دیسی ہے۔وزارت نے کہاکہ اس آرڈر سے ملک کی 200کمپنیوں کو ایچ وی ایف کے ساتھ کام کرنے کے مواقع ملیں گے اور ملازمتوں کے 8000نئے مواقع پیدا ہوں گے۔وزارت نے کہاکہ یہ فیصلہ وزیراعظم نریندر مودی کے خودکفیل ہندستان کے اہداف کی سمت میں بڑا قدم ہے۔خیال رہے کہ مسٹر مودی نے پہلا ایم کے۔ون اے ٹینک 14فروری 2021کو بری فوج کے سربراہ جنرل ایم ایم نرونے کو چنئی میں سونپا تھا۔