مودی۔بائیڈن ملاقات کا انتظار

0
0

پہلی ملاقات میں ونوں رہنما مضبوط اور کثیر جہتی دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیں گے
یواین آئی

نئی دہلی ؍؍وزیر اعظم نریندر مودی کے دہلی سے امریکہ روانہ ہونے کے بعد ،ان کی امریکی صدر جوزف آر بائیڈن سے ملاقات کا انتظار ہونے لگا ہے ۔مسٹر بائیڈن کے بطور امریکی صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جمعہ ، 24 ستمبر کو ہونے والی یہ پہلی روبرو ملاقات ہوگی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان کئی اہم امور پر بات چیت ہونی ہے ، جن میں افغانستان کا مسئلہ ہندوستان کے نقطہ نظر سے سب سے اہم ہے وزیر اعظم مودی امریکہ کی نائب صدر کملا ہیرس سے بھی الگ سے ملاقات کریں گے۔ محترمہ ہیرس کی والدہ کا تعلق تمل ناڈو سے ہے۔ وزیر اعظم کے ساتھ قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) اجیت ڈوبھال اور سیکرٹری خارجہ ہرش وردھن شرنگلا بھی ہیں۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر پہلے سے ہی وہاں موجود ہیں۔مسٹر مودی بدھ کے صبح تقریباً 11 بجے ایک خصوصی طیارے سے امریکہ روانہ ہوئے تھے ۔ انہوں نے امریکہ تک پہنچنے کے لیے افغانستان کی فضائی حدود کا استعمال نہیں کیا۔ حکومت ہند نے اس کے لیے پاکستان سے اجازت مانگی تھی اور پاکستان کی فضائی حدود سفر کے لیے استعمال کی گئی۔ قبل ازیں سنہ 2019 میں پاکستان نے وزیر اعظم مودی اور صدر رام ناتھ کووند کے بیرونی سفر کے لیے اپنی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔حال ہی میں شنگھائی تعاون تنظیم(ایس سی او) کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے خبردار کیا تھا کہ افغانستان میں حالیہ پیش رفت ہمارے جیسے پڑوسی ممالک پر سب سے زیادہ اثر ڈالے گی۔ انہوں نے عالمی برادری سے اس مسئلے پر توجہ دینے اور تعاون کو مضبوط کرنے پر زور دیا۔سکریٹری خارجہ ہرش وردھن شرنگلا نے کہا کہ دونوں رہنما مضبوط اور کثیر جہتی دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیں گے۔ اس مذاکرے میں دفاع اور سیکورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے چار بنیادی تعاون کے معاہدوں پر عمل درآمد کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے اور تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے علاوہ صاف توانائی کی شراکت داری کو بڑھانے پر بھی زور دیا جائے گا۔مسٹر شرنگلا نے کہا کہ دو طرفہ مذاکرات میں موجودہ علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ہمسایہ ملک کے طور پر ، ہمارے اور افغانستان کے لوگوں کے درمیان تعلقات پرانے اور مضبوط ہیں۔ ہم عالمی دہشت گردی اور سرحد پار دہشت گردی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔قابل ذکر ہے کہ افغانستان کے بدلتے ہوئے حالات کے درمیان امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔امریکی صدر مسٹر بائیڈن نے منگل کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں چین کے خطرات کی طرف اشارہ کیا۔ ایک سابق سفارت کار کا کہنا ہے کہ امریکہ کا زور چین پر ہوگا ، پھر بھارت کی توجہ افغانستان کی صورتحال پر ہے ، لیکن چین پر بات چیت بھی ہندوستان کے مفاد میں ہوگی۔ وزیراعظم 26 ستمبر کو وطن واپس آئیں گے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا