عوامی اہمیت کے مختلف عمومی مسائل پرہوا تبادلہ خیال
لازوال ڈیسک
جموں// جموں میونسپل کارپوریشن کی 13 ویں جنرل ہاؤس میٹنگ ورچوئل موڈ کے ذریعے آج یہاں منعقد ہوئی۔ اس دوارن کوویڈ 19 کی موجودہ ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے میئر نے ورچوئل میٹنگ کی وجہ اور ضرورت بتاتے ہوئے تمام شرکاء کی معلومات کے لیے حالیہ اور آنے والے ترقیاتی مسائل سے آگاہ کیا۔ اس کے بعد مختلف تجاویز جو منظوری کے لئے رکھی گئی تھی، ہاؤس کے اجلاس کے دوران اٹھائی گئی اور مناسب غور و خوض کے بعدانہیں منظور کر لیا۔علاوہ ازیں اس موقع پر عوامی اہمیت کے مختلف عمومی مسائل پرتبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ جہاں کونسلرز نے ایک ایک کرکے اپنے اپنے وارڈز کے مسائل پیش کیے۔وہیں اجلاس میں کونسلرز کے مسائل کا نوٹس لیا گیا اور تمام متعلقہ آفیسران کو چیئرمین کی طرف سے ہدایت دی گئی کہ وہ ایسے تمام معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر اٹھائیں خاص طور پر جو عام لوگوں پر براہ راست اثر انداز ہوں۔