بِلا تاخیر پْل کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے:مقامی لوگوں کی مانگ
عمرارشدملک
بدھل ؍؍ضلع راجوری کے دور دراز گاوں کنگوٹہ گْنڈی کی عوام کے لئے مشکلات دِن بدِن بڑھتی جارہی ہیں جن کا ازالہ کرنے کے لئے عوام اِنتظامیہ کے پاس گو ہار تو لگاتی ہے لیکن سْنتا کوئی نہیں۔ گزشتہ رات شدید بارش کی وجہ سے کنگوٹہ گنڈی گاوں کو قصبہ بْدھل اور ضلع ہیڈکوراٹر کے ساتھ جوڑنے والا واحد پْل گِر کر تباہ ہوگیا ہے جو اب آمدورفت کے قابل نہیں رہا۔ آنس دریا کنگوٹہ کے مقام پر تعمیر کیا گیا یہ پْل بہت پْرانا ہے جِسکی دوبارہ تعمیر کے لئے وہاں کی عوام نے اِنتظامیہ سے بہت بار مانگ کی مگر اْنکی مانگ اِنتظامیہ نے پوری نہیں کی۔ پی ڈی پی کے ضلع نائب صدر و سرپنچ کیول محمد فاروق انقلابی نے کہا کے لگ بھگ دس ہزار سے زیادہ کی آبادی قصبہ بْدھل اور کوٹرنکہ جانے کے لئے اِس پْل کا استعمال کرتی ہے جو اب مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہو گیا ہے۔ اْنہوں نے کہا کے اس پل کے گرنے سے ہزاروں لوگ پریشان ہیں اور اب اْنہیں قصبہ بْدھل یا کوٹرنکہ تک پہنچنے کے لئے چار گھنٹے کا راستہ طے کرنا پڑے گا۔ اْنہوں نے ضلع ترقیاتی کمیشنر راجوری سے گزارش کی کے وہ لوگوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اِس پل کی تعمیر کا کام بلا تاخیر شروع کروائیں۔ فاروق انقلابی نے مزید لوگوں سے بھی اپیل کی کے جب تک اِس پْل کی ازسرنو تعمیر نہیں ہوجاتی تب تک اِس پْل سے آمدورفت کی کوشش نہ کریں۔ اْنہوں نے کہا اِس پْل کا آمدورفت کے استعمال کرنے سے جانی نقصان ہو سکتا ہے۔