جموں و کشمیر میں پی آر سی سرٹیفکیٹ بحال کی جانی چاہئے : آل جموں و کشمیر پنچایت کانفرنس
یواین آئی
جموں؍؍آل جموں و کشمیر پنچایت کانفرنس نے یونین ٹریٹری کے لوگوں کو بجلی اور پانی کا فیس معاف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔کانفرنس کے چیئرمین شفیق میرنے بدھ کے روز یہاں میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں تمام سیاسی جماعتیں لوگوں کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوئی ہیں اور سیاسی لیڈران لوگوں کو دفعہ370 اور دفعہ 35 اے کے نام پر بے وقوف بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے پانچ نکاتی پروگرام بنایا ہے جس کو عوام اور سیاسی جماعتوں کے سامنے رکھا جائے گا۔موصوف نے کہا کہ جموں کشمیر کے لوگوں کو بجلی اور پانی کا فیس معاف کیا جانا چاہئے کیونکہ ہم ہی ملک کو بجلی فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پی آر سی سرٹیفکیٹ بحال کی جانی چاہئے اور اس میں صرف مشرقی پاکستان کے پناہ گزینوں کو شامل کیا جانا چاہئے۔ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں پراپرٹی ٹیکس نافذ نہیں کیا جانا چاہئے کیونکہ گذشتہ تیس برسوں کے دوران ہم جنگ سے جوجھ رہے ہیں۔موصوف نے کہا کہ یونین ٹریٹری میں نوکریاں بھی یہاں کے نوجوانوں کے لئے ہی مخصوص رہنی چاہئے اور کان کنی وغیرہ کے ٹھیکے بھی مقامی ٹھیکے داروں کو ہی ملنے چاہئے۔انہوں نے کہا کہ غیر مقامی ٹھیکیداروں کو یہ ٹھیکے ملنے سے ریت، باجری وغیرہ کی قیمتیں کافی بڑھ گئی ہیں جس کے باعث لوگ پریشان ہیں۔