رقیق احمد خان نے جموں وکشمیر میں بے روزگار نوجوانوں کے لئے روزگار پیکیج کا مطالبہ کیا

0
0

جلد اسمبلی انتخابات کرانے اور ہماچل پردیش کی طرز پر آئینی تحفظات دینے پرزور دیا
لازوال ڈیسک

گول (رام بن)؍؍اپنی پارٹی یوتھ ونگ جموں وکشمیر نائب صدر رقیق احمد خان نے مطالبہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر کے بے روزگار نوجوانوں کے لئے روزگار پیکیج کا اعلان کیاجائے جوکہ دفعہ370اور35Aکی منسوخی سے بُری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ضلع رام بن کے گول میں یوتھ ونگ اپنی پارٹی کے یک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رقیق خان نے کہاکہ پچھلے تین سالوں سے نوجوان بے روزگار ہوئے ہیں۔ اس موقع پر جنرل سیکریٹری طفیل حسین چوہدری، خادم وانی صوبائی نائب صدر کے علاوہ سنیئرلیڈر گلزار شان ودیگران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے تین سالوں میں صورتحال بہت بگڑ چکی ہے۔ ترقی، سیاحت، تاجر ، طلبہ حتی کہ ہرشعبہ بُری طرح متاثر ہوا ہے جن کی مشکلات کو حل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کو حاصل خصوصی درجے کی تنسیخ نے لوگوں کو الگ تھلگ کردیا ہے اور ہماچل پردیش کی طرز پر اُن کے حقوق کا تحفظ کیاجانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں میں اعتماد قائم کرنے کی ضرورت ہے جوکہ صرف جمہوری عمل کی بحالی سے ہی آسکتا ہے۔ جتنا جلد ہوسکے اسمبلی انتخابات کرائے جائیں تاکہ منتخب حکومت زمینی سطح پر لوگوں کو درپیش مشکلات ومسائل کو حل کرے کیونکہ اِس وقت انتظامیہ اور عوام میں کوئی تال میل نہیں، انتظامی سطح پر جوابدہی کا فقدان ہے۔ انہوں نے حکومت ِ ہند کو 14مارچ2021کو اپنی پارٹی قیادت کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی یقین دہانی کراتے ہوئے مانگ کی جمہوری عمل ، ریاستی درجے کی بحالی، ہماچل پردیش وملک کی دیگر ریاستوں کی طرز پر مقامی لوگوں کے حقوق کا تحفظ کر کے اُن وعدوں کو وفا کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی یقین دہانیوں کے باوجود اناس مرحلہ دوم، سوال پروجیکٹ جیسے پن بجلی پروجیکٹوں پر کام شروع ہونا باقی ہے اور اِن پروجیکٹوں میں مقامی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار فراہم نہ کرنا بھی تشویش کن امر ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ مقامی نوجوانوں کو ریلوے اور قومی شاہراہ کے تعمیر وتوسیع کام میں روزگار فراہم کیاجائے۔ انہوں نے الزام لگایاکہ اِن پروجیکٹوں میں صرف اُن لوگوں کو روزگار دیاجارہاہے جوکہ ایک سیاسی جماعت سے وابستہ ہیں یا پھر بیروکریسی کے ساتھ اُن کے رابطے ہیں، پن بجلی پروجیکٹوں میں روزگار فراہم کرتے وقت کوئی بھی شفافیت نہیں۔ انہوں نے کٹرہ۔ بانہال گول کو ٹورسٹ سرکٹ بنانے کا بھی مطالبہ کیا جس میں سلال، مال
ٹاپ تھورو، راما کنڈہ، کوڈی کنتھان، سوالہ کوٹ جھیل پروجیکٹ، تتا پانی اور سلال وسنگلدان کے علاقہ جات بھی آئیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ خوبصورت سیاحتی مقامات کو فروغ دینے میں ناکام رہی ہے۔ طفیل حسین چوہدری، خادم وانی، گلزار شان وغیرہ نے بھی خطاب کیا اور لوگوں کو درپیش مشکلات ومسائل پر روشنی ڈالی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا