ڈی ایم وایس ایس پی نے عوام سے ویکسین لگوانے اور کوویڈ سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل کی
بابر فاروق
کشتواڑ//ضلع کمشنر کشتواڑ اشوک کمار شرماو ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بھٹ نے آج یہاں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں واضح کیاکہ کوروناابھی ختم نہیں ہوااوراس کیخلاف جنگ ابھی جاری ہے، لہٰذااحتیاطی تدابیرمیں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔پریس کانفرنس کے دوران اے ڈی سی کشتواڑ کشوری لال شرما بھی موجود رہے۔ پریس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کشتواڑ کی عوام سے کوئڈ کے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل کی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کا خطرہ ابھی ختم نہیں ہوا ہے ، اس لیے ضروری ہے کہ عوامی مقامات پر فیس ماسک کا استعمال کرتے ہوئے جاری کردہ کوئڈ کے احتیاطی تدابیر کو صحیح طریقے سے اپنائیں ، سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور غیر ضروری طور پر باہر نہ جائیں تاکہ اس وباء کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کشتواڑ میں کوئڈ کی تیسری لہر کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اور اس پر قابو پانے کے لیے کوویڈ کنٹینمنٹ سمیت تمام ضروری اقدامات اٹھائے گیے ہیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ نے تمام عمر کے افراد سے درخواست کی کہ وہ قائم کیے گئے ویکسینیشن مراکز پر جاکر ویکسین کروائیں کیونکہ اپنے اور اپنے کنبے کے دیگر افراد کو اس عالمی وباء سے بچانے کا واحد اور لازمی ذریعہ ویکسین ہی ہے۔ لوگوں کے لاپرواہ رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ ڈیذاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے تحت احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ نے عوام میں آگاہی پھیلانے کے لیے صحافیوں سے بھی تعاون کی اپیل کی۔ ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بھٹ نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی سطح پر بہت سی ٹیمیں ، ایس ڈی ایم سطح کے علاوہ پولیس اور دیگر ٹیمیں لوگوں کو کرونا وائرس کی صورتحال اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں اور لوگوں سے ان کے تعاون کی اپیل کی ہے۔