نئی دہلی ،// وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد پیدا ہونے والے واقعہ کے درمیان جمعرات کو سبھی اپوزیشن پارٹیوں کے پارلیمانی رہنماؤں کو افغانستان کی تازہ صورت حال کی جانکاری دی۔
وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی مرلی دھرن نے کہاکہ یہ اجلاس وزیر اعظم نریندر مودی کی ہدایات پر منعقد کی گئی۔ افغانستان کے مسئلے پر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو اعتماد میں لینے کے لیے حکومت نے انہیں تمام پہلوؤں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔
پارلیمانی ریسرچ میں منعقدہ اس میٹنگ میں پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی ، وزیر تجارت پیوش گوئل اورمسٹر ارجن میگھوال بھی موجود تھے۔ افغانستان میں ہندوستان کے سفیر رودریندر ٹنڈن اور سیکرٹری خارجہ ہرش شرنگلا نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں شریک اپوزیشن لیڈروں میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے شرد پوار، جنتا دل (ایس) کے ایچ ڈی دیوے گوڑا ، اے آئی ایم آئی ایم کے اسد الدین اویسی ، بہوجن سماج پارٹی کے رتیش پانڈے ، لوک جن شکتی پارٹی کے پشوپتی پارس ، راشٹریہ جنتا دل کے پریم چند گپتا شامل تھے۔
ملک ارجن کھڑگے اور کانگریس کے ادھیر رنجن چودھری ، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے ونے وشوام ، آر ایس پی کے این کے پریم چندرن ، ٹی ڈی پی کے جے دیو گالا ، بیجو جنتا دل کے پرسنا آچاریہ، جے ڈی یو کے للن سنگھ ، ترنمول کانگریس کے سوگتا رائے اور شوبھیندو شیکھر رائے ، اے آئی اے ڈی ایم کے کے نونت کرشنن اور ڈی ایم کے کے تروچی شیوا اہم ہیں۔
یہ اجلاس اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ افغانستان پر طالبان کے قبضے سے پیدا ہونے والے خدشات اور ہندوستان پر اس کے اثرات سے آگاہ کرنے کے لیے بلایا گیا تھا۔