معصوم بچے کی زندگی بچانے کیلئے بے بس والدین کی فریاد

0
0

ضلع ڈوڈہ کی پنچایت گڑھتر بی کا شب رام ساری جمع پونجی بچے کے علاج پر لٹانے کے بعد بے بس
فرید احمد نائک

ڈوڈہ؍؍ ماں کی گود میں لیٹا ہوا ننھا بچہ، خالی خالی آنکھوں سے آسمان کی طرف تک رہا ہے اور باپ اس کی آنکھوں میں دیکھ خود کو دلاسہ دینے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ ماں ممتا کے ہاتھوں مجبور اپنی آنکھوں سے بہنے والے بے بسی کے آنسوں کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بچہ اس بات سے نا واقف ہے کہ چھوٹی سی عمر میں اسے ایک ایسا عارضہ لاحق ہے جس کا علاج کروانے کے لیے اس کے باپ کے پاس پیسے نہیں ہیں۔ یہ منظر ایک موہالی (پنجاب) کے ایک ہسپتال کا ہے جہاں کھلونے ہاتھ میں تھامنے کی تمنا لئے ننھا مانو دھر، اپنے باپ شب رام اور ماں کے ساتھ بستر پر لیٹا ہوا ہے۔ یہ بچہ ایک ایسے عارضے میں مبتلا ہے جس کا علاج بغیر چیر پھاڑ کے ممکن نہیں ہے اور اس آپریشن کیلئے محض دو لاکھ روپے کی رقم درکار ہے لیکن ، اپنی ساری جمع پونجی بچے کے علاج پر لٹانے کے بعد شب رام کی جیبیں بالکل خالی ہو چکی ہیں لیکن بچے کا علاج کروانے کی تڑپ اسے سب کچھ کر گزرنے پہ مجبور کر رہی ہے۔شب رام کا تعلق ضلع ڈوڈہ کے بلاک گندنہ کی پنچایت گڑھتر بی سے ہے اور پچھلے چند ماہ سے اپنے بچے کا علاج کروانے کیلئے کبھی چندی گڑھ اور کبھی موہالی کارخ کر رہا ہے۔ پیشے سے مزدور شب رام اپنی ساری جمع پونجی بچے کے علاج پر خرچ کر چکا ہے اور اب بچے کی زندگی بچانے کیلئے اس کے پاس لوگوں کے سامنے ہاتھ پھیلانے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ پنچایت گڑھتر بی کے سرپنچ نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ شخص اس کی پنچایت کا باشندہ ہے اور اسے بچے کا علاج کروانے کیلئے پیسوں کی اشد ضرورت ہے۔مخیر حضرات اپنی حثیت کے مطابق شب رام جی کی مدد کر سکتے ہیں کیوں کہ چھوٹی سی رقم خرچ کرنے سے کوئی غریب نہیں ہوتا، شب رام کی مدد کرنے کیلے صاحب حیثیت اور مخیر حضرات اس کے اکاؤنٹ نمبر 060504010001101 میں رقم منتقل کر سکتے ہیں۔ اور ثواب دارین حاصل کر سکتے ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا