اقوام متحدہ/// وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سمندر کو بین الاقوامی تجارت اور عالمی معیشت کی لائف لائن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مشترکہ وراثت کے ماحول اور وسائل کی حفاظت ہم سب کے مستقبل کے لیے بہت اہم ہے مسٹر مودی نے یہ بات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بحری سلامتی پر ایک اعلی سطح کی کھلی بحث کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ورچوئل پلیٹ فارم پر مسٹر مودی نے کہا کہ”سمندر ہماری مشترکہ وراثت ہے، ہمارے سمندری راستے بین الاقوامی تجارت کی لائف لائن ہیں اور سب سے بڑھ کر، سمندر ہمارے کرہ ارض کے مستقبل کے لیے بہت اہم ہے”۔
وزیر اعظم نے عالمی برادری کے ساتھ میری ٹائم سکیورٹی کے پانچ بنیادی اصول شیئر کیے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری سمندری تجارت کی راہ میں حائل تمام قانونی رکاوٹوں کو دور کرے۔ کیونکہ ہم سب کی خوشحالی کا انحصار سمندری تجارت کی رفتار پر ہے۔ اس میں رکاوٹیں پوری عالمی معیشت کے لیے ایک چیلنج ہوسکتی ہیں۔