بنگلورو،// بسوراج بوممئی نے بدھ کو کرناٹک کے 23 ویں وزیر اعلی کی حیثیت سے حلف لیا گورنر تھاورچند گہلوت نے آج گورنر ہاؤس میں مسٹر بوممئی کو اپنے عہدے اور رازداری کا حلف دلایا سبکدوش ہونے والے وزیر اعلی بی ایس یدی یورپا نے مسٹر بوممئی کو نئے وزیر اعلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ کرناٹک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔
مسٹر یدی یورپا نے ٹویٹ کیا کہ "مسٹر بوممئی کو کرناٹک کا نیا وزیر اعلی منتخب ہونے پر مبارکباد۔ مجھے یقین ہے کہ آپ کرناٹک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے اور ریاست کے عوام کی امنگوں کی تکمیل کریں گے۔ ”
ایک اور ٹویٹ میں مسٹر یدی یورپا نے مسٹر بوممئی کو ان کی موثر اور کامیاب کارکردگی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ "مسٹر بوممئی کو دلی مبارکباد۔ پارٹی کے تمام رہنماؤں اور لاکھوں کارکنوں کے تعاون سے بوممئی کے ایک کامیاب اور موثر کارکردگی کا خواہش مند ہوں۔ ”
مسٹر بوممئی نے آج اپنے دن کا آغاز انجنیا سوامی مندر میں پوجا کرکے کیا اور اپنے گھر واپس آئے۔ اس کے بعد انہوں نے بی جے پی کے مالیسورم میں واقع ریاستی دفتر کا دورہ کیا جہاں انہیں پارٹی کے ریاستی صدر نلن کمار کٹیل نے خیرمقدم کیا۔ جہاں انہوں نے بھارت ماتا کی تصویر کو گلہائے عقیدت بھی پیش کیا۔
اس سے قبل منگل کو یدی یورپا کے استعفیٰ کے ایک دن بعد مسٹر بسوراج بوممئی کو ریاست کا نیا وزیر اعلی منتخب کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ مسٹر بوممئی منگل کو متفقہ طور پر کرناٹک بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قانون ساز پارٹی کے رہنما منتخب کئے گئے تھے۔
اکسٹھ سالہ مسٹر بوممئی کو پارٹی اجلاس میں بی جے پی قانون ساز پارٹی کا قائد منتخب کیا گیا ، جس میں کرناٹک یونٹ کے انچارج ارون سنگھ ، مرکزی مبصر دھرمیندر پردھان اور جی کشن ریڈی نے شرکت کی۔ سبکدوش ہونے والے وزیر اعلی یدی یورپا اور بی جے پی کے ریاستی صدر نلن کمار کٹیل نے بھی اس میٹنگ میں شرکت کی تھی۔