ڈی ڈی سی راجوری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،منتظمین کوسراہا،نیک خواہشات پیش کیں
لازوال ڈیسک
راجوری؍؍ راجوری ضلع کے منجہ کوٹ علاقے میں گزشتہ روز سینی گیلیہ مارٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کے تجارتی مرکز کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے بعد یہ تجارتی مرکز صارفین کے لئے کھول دیا گیا ہے۔راجوری میں یہ اپنی نوعیت کا منفرد تجارتی مرکز ہے جہاں صارفین کیلئے ایک چھت کے نیچے کثیر الاقسام اشیاء سستے داموں پر دستیاب رکھی گئی ہیں۔اس تقریب میں راجوری کے ضلع ترقیاتی کمیشنر راجیش کمار شون نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت ہوئے مذکورہ تجارتی مرکز کا افتتاح کیا۔انہوں نے کمپنی کے نوجوان ڈائیریکٹرز اور سرمایہ کاروں کی کاوشوں کی سراہنا کی جنہوں نے منجہ کوٹ راجوری میں یہ تجارتی مرکز کھول کر ایک نئی شروعات کی ہے۔اس موقعے پر بولتے ہوئے راجوری کے ضلع ترقیاتی کمیشنر نے کہا کہ ان مشکل حالات میں راجوری کے نوجوانوں کے اس طرح کے اقدامات سے وہ بے حد متاثر ہوئے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہئیے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لا کر تجارت کے نئے نئے طریقہ کار سامنے لائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع فراہم ہو سکیں۔انہوں نے یہ جان کر خوشی کا اظہار کیا کہ اس پہاڑی اور سرحد سے متصل خطے میں کثیر الاقسام اشیاء پر مبنی اس تجارتی مرکز میں صارفین کو ایک ہی چھت کے نیچے ان کی پسند کی معیاری چیزیں دستیاب کرائی جائیں گی۔اس موقعے پر جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کی سوشل میڈیا اکائی کے ممبر اور سیاسی و سماجی کارکن اور ریسرچ اسکالر بلال رشید نے بطور مہمان ذی وقار اس تقریب میں شرکت کی۔اپنے خطاب کے دوران بلال رشید نے سرمایہ کاروں اور اسٹاف کی کوششوں کی تعریف کی اور ساتھ ہی ساتھ انہوں نے اس تجارتی مرکز(سینی گیلیہ مارٹ) کے متعلق تفصیلات بھی فراہم کیں کیونکہ انہوں نے اس کمپنی کے ڈائریکٹر عرفان رشید اور رمیز احمد کے اس پروجیکٹ پر پہلے دن سے ہی نزدیکی نگاہ رکھی ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سینی گیلیہ مارٹ کا اسٹاف جوکہ باضابطہ طریقہ کار کے ذریعے منتخب کیا گیا ہے وہ اپنے کام کے تئیں بہت محنتی اور مخلص ہے۔انہوں نے اس تجارتی مرکز سے جڑے ہر فرد کے لئے نیک خواہشات پیش کیں اور وہاں موجود لوگوں سے گزارش کی وہ اپنی اپنی رجسٹریشن کروا کے ممبر شپ کارڈ بنوا لیں تاکہ آنے والے وقت میں انھیں ایک ہی چھت کے نیچے سے ضرورت کی تمام چیزیں مل سکیں۔اس دوران رمیز احمد نے سینی گیلیہ مارٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کے متعلق عوام اور صارفین کو تفصیلی جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سینی گیلیہ مارٹ راجوری میں اپنی نوعیت کا پہلا تجارتی مرکز ہے اور وہ جلد ہی راجوری میں اس طرح کے مذید مراکز کو فعال بنا دیں گے۔اس موقع پر نامور سیاسی رہنما اور تاجر خوشحال چوہدری جنہوں نے اس پروجیکٹ میں سرمایہ کاری کی ہے ،نے بھی وہاں موجود لوگوں سے خطاب کیا۔انہوں نے کرونا کے اس دور میں بھی اپنا قیمتی وقت نکال کر تقریب کو رونق بخشنے کے لئے راجوری کے ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا اور کرونا سے بہتر طریقہ کار سے نمٹنے کے لئے ڈی ڈی سی موصوف کی تعریف کی۔اس تقریب میں منجہ کوٹ سے تعلق رکھنے والے مختلف مکاتب فکر کے لوگوں اور عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر عرفان رشید نے شکریہ کی تحریک پیش کی اور لوگوں کو مستقبل میں سینی گیلیہ مارٹ میں خوش آمدید کہا۔