شوپیاں؍؍ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان سچن کمار واشیا نے کہا ہے کہ ضلع میں مجموعی طور پر کووِڈ صورتحال اور مثبت معاملات میںنمایاں بہتری واقع ہو رہی ہے ۔اِن باتوں کا اِظہار ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان نے آج یہاں منی سیکرٹریٹ ارہامہ میں میڈیا اَفراد کوضلع میں موجودہ کووِڈ منظر نامے کے بارے میں جانکاری دینے کے دوران کیا۔اُنہوں نے ضلع شوپیان میں مثبت معاملات کی کمی کا رجحان کی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ یہ مقامی لوگوں کا کووِڈ ۔19 کے ایس او پیز پر عمل پیرا ہونے سے ممکن ہوا ہے۔ اُنہوں نے کووِڈ رہنما اَصولوں اور ایس او پیز پر سختی سے من و عن عمل پیرا رہنے کی ضرور ت ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع میں ٹیکہ کاری مہم کو تیز کیا گیا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ شراکت داروں کی فعال شرکت سے صحت کی ٹیمیں دُور دراز علاقوں تک پہنچ رہی ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع میں ٹیکہ کاری عمل ایک بڑی کامیابی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ویکسی نیشن کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کووِڈ ۔19 وَبائی بیماری سے بچنے اور روکنے کے لئے واحد ایک مضبوط ہتھیار ہے ۔ اُنہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ ضلعی اِنتظامیہ کے ساتھ تعاون کرکے قریبی ویکسی نیشن مرکز پر جا کر کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائیں۔ڈی سی نے مزید کہا کہ گزشتہ کچھ دِنوں میں 18 برس عمر سے 44 برس عمر تک کے گروپوں کے لئے ٹیکہ کاری مہم کو تیز کیا جارہا ہے اور ٹیموں کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر 1500 سے 1800 اَفراد کو کووِڈ مخالف ٹیکے لگائے جارہے ہیں تاکہ مطلوبہ ہدف کو کم سے کم وقت میں حاصل کیا جاسکے۔سچن کمار واشیا نے ضلع کے عوام الناس کو کووِڈ مناسب طرزِ عمل کو برقرار رکھنے پر زور دیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ ٹیمیں کووِڈ ۔19پروٹوکال کی تعمیل اور اِنتظامیہ کی جانب سے وقتاً فوقتاً جاری کردہ ہدایات کو یقینی بنانے کے لئے بازاروں ، منڈیوں اور دوسری جگہوں پر نگرانی کرتی ہیں۔اُنہوں نے لوگوں سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ کووِڈ رہنما اَصولوں پر سختی سے عمل کریں اور ماسک پہنیں ، اپنے ہاتھ دھوئیں اور سماجی دوری کو برقرار رکھیں تاکہ ضلع میں کووِڈ مہلک وبائی وائرس کو پھیلنے سے بچایا جاسکے ۔