نئی دہلی ،// بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے گذشتہ دو ماہ کے دوران ملک میں پٹرول نو فیصد اور ڈیزل دس فیصد سے زیادہ مہنگا ہوچکا ہے۔
ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق قومی دارالحکومت دہلی میں جون میں پٹرول کی قیمت میں 4.58 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 4.03 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل مئی میں بھی پٹرول 3.83 روپے اور ڈیزل 4.42 روپے مہنگا ہواتھا۔ اس طرح پٹرول دو مہینوں میں 8.41 روپے (9.30 فیصد) اور ڈیزل 8.45 (10.47 فیصد) مہنگا ہوا ہے۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا موجودہ سلسلہ 04 مئی سے شروع ہوا۔ اس سے قبل مارچ اور اپریل میں دونوں ایندھن کی قیمتوں میں معمولی کمی کی گئی تھی۔ مئی میں 16 دن کے لئے قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا جبکہ باقی 15 دنوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ۔ جون میں بھی قیمتوں میں 16 دن اضافہ ہوا ہے جبکہ باقی 14 دن مستحکم رہیں۔
قیمتوں میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ یہ بتائی جارہی کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ لندن کے برینٹ کروڈ جو معیاری خام تیل سمجھا جاتا ہے ، کی 30 اپریل کو فی بیرل قیمت 67.66 ڈالر تھی ، جو اب بڑھ کر 75 ڈالر فی بیرل کے قریب ہوگئی ہے۔