پوتر گھپا پر یاترا کی تمام مذہبی و روایتی رسومات کو حسب سابق انجام دیا جائے گا
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ امسال بھی عقیدت مند شری امرناتھ جی پوتر گھپا کا آن لائن درشن کر سکتے ہیں۔بتا دیں کہ کورونا وبا کے پیش نظر سال گزشتہ کی طرح امسال بھی جنوبی کشمیر میں سطح سمندر سے 13 ہزار 500 فٹ بلندی پر واقع امرناتھ گھپا میں بھگوان شیو سے منسوب برفانی عکس (شیولنگ) کی سالانہ یاترا کو معطل کیا گیا ہے۔یہ یاترا گزشتہ تین برسوں سے مسلسل متاثر ہو رہی ہے گذشتہ دو برسوں کے دوران کورونا وبا یاترا کی معطلی کا باعث بن گیا جبکہ سال 2019 میں پانچ اگست کے فیصلوں کے پیش نظر اس پوتر یاترا کو بیچ میں ہی بند کر دیا گیا تھا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘عقیدت مند شری امرناتھ جی پوتر گھپا کی یاترا شرائن بورڈ کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن کر سکتے ہیں’۔انہوں نے گزشتہ روز یاترا کی معطلی کے بارے میں اپنے ایک ٹویٹ میں کہا تھا: ‘کورونا وبا کے پیش نظر شری امرناتھ جی یاترا کو منسوخ کیا گیا۔ یہ فیصلہ شری امر ناتھ جی شرائن بورڈ کے ممبران کے ساتھ تفصیلی گفت و شنید کے بعد لیا گیا۔ یاترا علامتی ہوگی تاہم پوتر گھپا پر یاترا کی تمام مذہبی و روایتی رسومات کو حسب سابق انجام دیا جائے گا’۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ لوگوں کے تحفظ اور ان کے وسیع تر مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے اس سال بھی یاترا کو منسوخ کرنا پڑا۔