باہمی صلاح مشورہ کرکے فیصلہ لیں گے:ڈاکٹر فاروق
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مرکز سے مجوزہ میٹنگ کے بارے میںبتایاکہ جب ہم رسمی دعوت ملے گی توہم مل بیٹھ کرصلاح مشورہ کریں گے ۔ڈاکٹر فاروق کاکہناتھاکہ ہم بات چیت پریقین رکھتے ہیں اورہماراموقف ہے کہ بات چیت سے ہی مسائل حل ہوسکتے ہیں ۔تاہم نیشنل کانفرنس کے صدرنے سنیچر کی صبح کہاکہ ابھی تک اُنھیں دہلی سے کوئی دعوت نہیں ملی ہے ۔تاہم پارٹی ذرائع نے بتایاکہ بعدازاں نئی دہلی سے فون آگیا ،اورڈاکٹرفاروق عبداللہ کونئی دہلی میں 24جون کوبلائی گئی میٹنگ میں شرکت کی رسمی دعوت دی گئی ۔اسے پہلے ڈاکٹر فاروق نے کہاکہ ہم بات چیت کیخلاف نہیں ہیں اورہم یہ سمجھتے ہیں کہ جموں وکشمیر کے مسائل کاحل نئی دہلی میں ہی نکلے گا۔ڈاکٹر فاروق کاکہناتھاکہ ہمار ے مسائل اورمشکلات کاحل نئی دہلی میں ہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جونہی رسمی دعوت ملے گی توہم باہمی صلاح مشورہ کرکے فیصلہ لیں گے ۔انہوں نے پھرکہاکہ ہم بات چیت کوہی تمام مسائل کے حل کاذریعہ اورراستہ مانتے ہیں اورہم ایسے کسی بھی عمل کی حمایت کرتے ہیں اوراس میں شامل ہونے کوبھی تیار ہیں ۔خیال رہے رواں ماہ کی9تاریخ کوپی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی کی رہائش گاہ پرمنعقدہ پی اے جی ڈی لیڈروں کی میٹنگ کے بعدڈاکٹر فاروق نے کہاتھاکہ ہمارے دروازے بات چیت کیلئے کھلے ہیں ،اوراگر ہمیں بلایاجاتاہے توہم بات چیت کے عمل میں شامل ہوں گے۔