نئی دہلی،// کانگریس پارٹی اور اس کے کئی سینئر لیڈروں نے پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی کے 51ویں یوم پیدائش پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی صحت اور خوشحال مستقبل کی خواہش کی۔
پارٹی نے اپنے سرکاری صفحہ پر ٹوئٹ کرکے مسٹر گاندھی کی صحت اور خوشحال مستقبل کی خواہش کرتے ہوئے کہاکہ کووڈ۔19کی دوسری لہر کی وجہ سے لوگ شدید مشکلات کا سامنا کررہے ہیں جس کے مد نظر مسٹر گاندھی نے اپنا یوم پیدائش نہیں منانے کا فیصلہ کیا۔یوم پیدائش منانے کی بجائے انہوں نے پارٹی کارکنوں سے راحتی کاموں میں مسلسل مصروف رہنے کی درخواست کی ہے۔
پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے اپنے نیک خواہشاتی پیغام میں کہاکہ ملک کے لئے مشکل دور کے باوجود آپ محبت کے ساتھ اور سنجیدگی سے ہماری قیادت کررہے ہیں۔ مسٹر راہل گاندھی کو یوم پیدائش کی دلی نیک خواہشات۔ آپ کی صحت، خوشحال اور کامیاب زندگی کی خواہش۔
پارٹی کے محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہاکہ سچا لیڈر وہی ہوتا ہے تو سچائی، ایمانداری، ہمت اور خودسپردگی کے ساتھ چیلنجوں کا مقابلہ کرتا ہے۔ راہل جی کو یوم پیدائش پر مزید توانائی کے ساتھ چیلنجوں سے لڑنے کے لئے نیک خواہشات۔