اکشے کمار کا دورہ شمالی کشمیر: اسکولی عمارت کی تعمیر کے لئے ایک کروڑ روپے عطیہ کئے
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍معروف بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار نے جمعرات کو شمالی ضلع بانڈی پورہ کے گریز سیکٹر کی وادی تلیل میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ واقع نیرو گائوں میں ایک اسکولی عمارت کی تعمیر کے لئے ایک کروڑ روپے عطیہ کر دیے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ موصوف سپر اسٹار نے جمعرات کی دو پہر کو نیرو گائوں کا دورہ کیا اور اس دوران گائوں میں اسکولی عمارت کی تعمیر کے لئے ایک کروڑ روپے بطور عطیہ دے دیے۔انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران موصوف بالی ووڈ اسٹار نے وہاں تعینات سیکورٹی فورسز کے جوانوں کے ساتھ بات چیت بھی کی اور بی ایس ایف کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب میں مقامی لوگوں کے ساتھ ڈانس بھی کیا۔دریں اثنا بی ایس ایف کشمیر نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر اکشے کمار کے دورہ ایل او سی کے متعلق ایک ٹویٹ میں کہا: ‘جیسا کہ ملک آزادی کے 75 ویں سال میں داخل ہو رہا ہے اکشے کمار ایک بار پھر ملک کے سرحدوں کی حفاظت کرنے والے بہادر جوانوں کی ملاقات کے لئے آئے ہیں’۔ایک اور ٹویٹ میں کہا گیا: ‘ڈی جی بی ایس ایف شری راکیش استھانہ نے سیما پراہارس جنہوں نے اپنی ڈیوٹی کی انجام دہی کے دوران قربانیاں پیش کیں، کو ایک تقریب کے دوران خراج تحسین پیش کیا۔ اداکار اکشے کمار بھی موصوف ڈی جی بی ایس ایف کے ہمراہ تھے اور انہوں نے بھی قربانیاں پیش کرنے والے بہادر جوانوں کو خراج پیش کیا’۔اکشے کمار نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘سرحدوں کی حفاظت کرنے والے بہادر بی ایس ایف جوانوں کے ساتھ ایک یادگار دن گزارا۔ یہاں آنا گھر آنے جیسا لگتا ہے۔ حقیقی ہیروز سے ملاقات کر کے مجھے دلی اطمینان حاصل ہوا ہے’۔واضح رہے کہ اکشے کمار نے جمعرات کودن کے 12بجے ایک فوجی ہیلی کاپٹر میںتلیل پہنچے ،جہاں انہوںنے ایل ائوسی پرتعینات سیکورٹی افسروں وجوانوں کیساتھ سرحدکے بالکل نزدیک واقع نیرئونامی گائوں میں ملاقات کی ۔اس دوران اکشے کمار نے یہاں رہنے والے عام شہریوں کی حالت زار کوبھی بچشم خوددیکھا ۔انہوںنے نیرئو تلیل میں رہنے والے عام شہریوں کیساتھ بات کرکے اُن سے درپیش مشکلات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔مقامی لوگوں نے فلمی ہیرئو کوبتایاکہ ہمارے یہاں بنیادی سہولیات کی کافی کمی ہے ،اورسب سے بڑا مسئلہ ہمارے بچوں وبچیوں کی تعلیم کاہے ،کیونکہ اس گائوں میں اسکول نہیں ہے ۔اکشے کمارنے لوگوں کے سامنے یہاں اسکول تعمیر کرنے اوربچوں وبچیوں کودیگر لازمی سہولیات بہم رکھنے کیلئے ایک کروڑروپے کاعطیہ کیا ۔انہوںنے لوگوں سے کہاکہ تلیل ایک خوبصورت علاقہ ہے اورمیری خواہش ہے کہ یہاںکے بچے بچیاں تعلیم حاصل کرکے اپنے مستقبل کوروشن بنائیں ۔اکشے کمار نے کہاکہ میں نیرئو تلیل میں اسکول تعمیر کرنے اورزیرتعلیم بچوں وبچیوں کوتمام لازمی سہولیات بہم رکھنے کیلئے ایک کروڑ روپے بطورعطیہ پیش کرتاہوں ۔