ایل جے پی باغی گروپ کی میٹنگ آج سورج بھان سنگھ کی رہائش گاہ پر
لازوال ڈیسک
پٹنہ؍؍ چچا۔ بھتیجے خیمے میں تقسیم لوک جن شکتی پارٹی ( ایل جے پی ) کے پارس گروپ کی میٹنگ کل پارٹی کے ریاستی دفتر میں نہیں بلکہ سابق رکن پارلیمنٹ سورج بھان سنگھ کی رہائش گاہ پر ہوگی۔بہار کے حاجی پور ( محفوظ) سے رکن پارلیمنٹ پشوپتی کمار پارس (چچا) کی قیادت والے پانچ اراکین پارلیمنٹ کے گروپ کی طرف سے جمعرات کو پٹنہ میں قومی ایکزیکٹیو کی میٹنگ بلائی گئی ہے۔ اس کا فیصلہ کل ہی لے لیا گیا تھا۔ تازہ اطلاع کے مطابق ایل جے پی کے قومی نائب صدر اور سابق رکن پارلیمنٹ سورج بھان سنگھ کی رہائش پر یہ میٹنگ منعقد کی جائے گی۔ سابق رکن پارلیمنٹ کی ہدایت پر ہی ایکزیکٹیو کی میٹنگ بلانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ایل جے پی میں ٹوٹ کے بعد پارس گروپ نے مسٹر سنگھ کو پارٹی کا ایکزیکٹیو صدر مقرر کیا ہے۔ انہیں یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ پارٹی کے نئے قومی صدر کا انتخاب کرائیں۔ پارٹی کے 5 اراکین پارلیمنٹ نے مسٹر پارس کے بھتیجے ، ایل جے پی کے قومی صدر اور جموئی سے رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان کے خلاف جس طرح سے بغاوت کی اس کے بعد چراغ گروپ نے قومی ایکزیکٹیو کا اجلاس طلب کر کل شام ہی پانچ اراکین پارلیمنٹ کو پارٹی سے نکال دیا تھا۔پارس گروپ نے کل کی میٹنگ میں ایل جے پی کے سبھی ضلع صدور کے علاوہ دلت سینا کے بھی ضلع صدر کو مدعو کیا ہے۔ ساتھ ہی اسمبلی انتخاب لڑنے والے امیدواروں کو بھی میٹنگ میں آنے کو کہا گیا ہے۔ حالانکہ پارٹی کے قومی صدر کا انتخاب قومی ایکزیکٹیو کے رکن ہی کر سکتے ہیں۔