IEDحملے سیکورٹی ایجنسیوں کیلئے بڑا چیلنج
کہاکہ شہر میں بالائے زمین ورکروںکاایک وسیع نیٹ ورک موجود
کے این ایس
سری نگر؍؍پولیس کے صوبائی سربراہ وجئے کمارنے سوموار کوکہاکہ شہرسری نگرمیں 5مقامی جنگجو ہنوز سرگرم ہیں جبکہ یہاں بالائے زمین ورکروںکاایک وسیع نیٹ ورک موجودہے ۔انہوں نے کہاکہ سیکورٹی ایجنسیاں ملکر کشمیر میں بارودی سرنگ حملوںکے چیلنج کامقابلہ کررہی ہیں ۔کشمیرنیوزسروس (کے این ایس )کے مطابق آئی جی پی کشمیروجئے کمارنے سری نگرکے مضافاتی علاقہ کھنموہ میں جنگجومخالف آپریشن کے بعدیہاں نزدیکی علاقہ پانتھ چوک میں نامہ نگاروںکے سوالات کاجواب دیتے ہوئے بتایاکہ سری نگرشہرمیں ابھی بھی 5جنگجو سرگرم ہیں تاہم یہ سبھی مقامی جنگجو ہیں ۔انہوںنے کہاکہ سری نگر کی حدودمیں کوئی غیرملکی جنگجو سرگرم نہیں ہے ۔سینئرپولیس افسروجئے کمار کاکہناتھاکہ سری نگرمیں 6مقامی جنگجو سرگرم تھے لیکن ان میں سے ایک حال ہی میں کوکرناگ میں ایک جھڑپ کے دوران ماراگیا۔انہوں نے کہاکہ سری نگرمیں جوپانچ جنگجوسرگرم ہیں ،اُن کویاتو گرفتارکیا جائے گا،یاپھروہ جھرپوں کے دوران مارے جائیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں انسپکٹر جنرل پولیس کشمیرزون کاکہناتھاکہ سری نگرشہرمیں جنگجوگروپوںکے بالائے زمین ورکروں یعنی OWGsکاایک وسیع نیٹ ورک موجودہے ۔تاہم انہوں نے کہاکہ اس نیٹ ورک میں شامل بہت سارے بالائے زمین ورکروںکوگرفتارکیاگیا ،اوراُن کوپی ایس اے کے تحت جیل بھیج گیاگیا ۔آئی جی پی کشمیرکاکہناتھاکہ سری نگرمیں موجود بالائے زمین نیٹ ورک میں شامل کئی افرادپولیس کے روڈار پرہیں اوران کی نقل وحمل اورسرگرمیوں پرکڑی نظررکھی جارہی ہے ۔پولیس کے صوبائی سربراہ نے پہلی مرتبہ بالائے زمین ورکروںکوجنگجوئوں کی طرح الگ الگ زمروں میں رکھے جانے کاخلاصہ کرتے ہوئے بتایاکہ سی کیٹگری کے ایسے کارکنوں یاورکروں کوکونسلنگ کے بعدوالدین کے حوالے کیاجاتاہے۔ایک اورسوال کاجواب دیتے ہوئے آئی جی پی کشمیر نے بتایاکہ غیرملکی جنگجو سری نگرآتے رہے ہیں لیکن فی الوقت کوئی بھی غیرملکی جنگجو سری نگرمیں مستقل طورپرموجودیاسرگرم نہیں ہے ۔جنگجوئوں کی جانب سے مختلف علاقوں میں بارودی نصب کئے جانے کے بارے میں پولیس کے صوبائی سربراہ وجئے کمارنے بتایاکہ آئی ای ڈی حملے سیکورٹی ایجنسیوں کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے لیکن سبھی سیکورٹی ایجنسیاں اس چیلنج کامقابلہ کامیابی کیساتھ کررہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حال ہی میں پولیس اورفورسزنے شوپیاں میں آئی ای ڈی بنانے کیلئے استعمال میں لائے جانے والا10کلو بارودضبط کیاجبکہ فوج نے بھی اسکے بعداسی نوعیت کابارودضبط کیا ۔آئی جی پی کشمیرنے کہاکہ ہم آئی ای ڈی حملوں کے خطرے سے باخبر ہیں اوربروقت بارودی سرنگوںکاپتہ لگاکر سیکورٹی ایجنسیاں ایسے حملوں کوناکام بنادیتی ہیں ۔