کووڈ وباء سے یتیم ہوئے بچوں کیلئے خصوصی سکالر شپ ، حکومت نے ایسے ہر خاندان تک پہنچنے کا فیصلہ کیا اورخود روز گار کیلئے مالی امداد فراہم کی جائے گی ‘‘: ایل جی منوج سنہا
اگلے دو ماہ کیلئے رجسٹرڈ تعمیراتی کامگاروں ، پونی والا، پالکی والا ، پٹھو والا کے اکاؤنٹ میں ایک ہزار روپے ماہانہ
لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر میں کووِڈ وبأ سے فوت ہونے والوں کے لواحقین کی مشکلات کو دور کرنے کیلئے متعدد فیصلے لئے ہیں ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ بزرگ شہری جنہوں نے کنبے کے واحد کمانے والے رُکن کو کھو دیا ہے انہیں عمر بھر کیلئے خصوصی پنشن دی جائے گی جبکہ اس آفت میں اپنے والدین سے محروم بچوں کو حکومت کی طرف سے خصوصی سکالر شپ فراہم کی جائے گی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’ ہمارے بہت سے قریبی اور عزیز لوگ کووِڈ ۔19 کی وجہ سے ہمیں غیر وقتی طور پر چھوڑ چکے ہیں ۔ حکومت نے ایسے ہر خاندان تک پہنچنے کا فیصلہ کیا ہے اور جموں و کشمیر بینک کے ذریعہ انہیں خود روز گار کیلئے مالی امداد فراہم کی جائے گی ‘‘۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ عالمی وبائی مرض نے روزانہ ہزاروں مزدوروں کو بے روز گار کیا ہے ۔انہوں نے کہا ’’ حکومت اگلے دو ماہ کیلئے تمام رجسٹرڈ تعمیراتی کامگاروں ، پونی والوں ، پالکی والوں، پٹھو والوں کو فی ماہ ایک ہزار روپے کی مالی مدد فراہم کرے گی ‘‘ ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ راشن کارڈ ہولڈروں میں راشن کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ معاشرتی بہبود کی سکیموں جیسے بڑھاپے کی پنشن ، لاڈلی بیٹی وغیرہ اور پی ایم اے وائی ، منریگا اور دیگر فلاحی سکیموں کی قسطوں کو فوری طور پر جاری کیا جائے گا ۔ اِن باتوں کا اظہار انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کے دوران کیا ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حکومت اس مشکل وقت میں اولڈ ایج ہوموں، یتیم خانوں کو راشن وغیرہ سمیت ہر طرح کی مدد فراہم کرے گی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم جلد ہی اس وباء پر ایک ساتھ فتح حاصل کریں گے ۔ انہوں نے کہا ’’ ہماری اولین ترجیح لوگوں کے تعاون سے اس وبائی مرض کو شکست دینا ہے ۔ میری آپ سب سے گذارش ہے کہ کووڈ مناسب طرز عمل پر عمل کریں اور ویکسین لگائیں ‘‘۔ لیفٹیننٹ گورنر نے یہ بھی کہا کہ کووِڈ۔ 19 بیماری کے سبب فوت ہونے والے افراد کو ڈیتھ سر ٹیفکیٹ جاری کرنے کیلئے تمام ڈپٹی کمشنروں کو جلد ہی احکامات صادر کئے جائیں گے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ موجودہ بحران کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ڈپٹی کمشنروں ، ڈویژنل کمشنروں اور جے اینڈ کے پولیس کو ایس ڈی آر ایف کے تحت 55 کروڑ روپے جاری کئے جائیں گے ۔ ایس ڈی آر ایف کے تحت ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام 20 ڈپٹی کمشنروں کو 2 کروڑ روپے فی کس ،دونوں ڈویژنل کمشنروں کو 5 کروڑ روپے فی کس اور جے اینڈ کے پولیس کو 5 کروڑ روپے جاری کئے جائیں گے ۔ اس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر میں دیگر اقدامات کے بارے میں کووڈ19 انتظامیہ اور اعلیٰ افسران کی رائے حاصل کی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے یو ٹی میں کووڈ صورتحال کا جائیزہ لیتے ہوئے ہسپتال میں بستروں کی دستیابی ، آکسیجن کی فراہمی ، آکسیجن پلانوں کی تنصیب کے بارے میں دریافت کیا ۔ انہیں بتایا گیا کہ آکسیجن کے اضافی پلانٹس درآمد کئے جا رہے ہیں اور جلد ہی حکومت کے زیر انتظام ہسپتالوں میں لگائے جائیں گے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آکسیجن کی اضافی صلاحیت آکسیجن کو بھی پورا کرے گی اس کے علاوہ آکسیجن کی مدد سے بستر کی صلاحیت کو بڑھانے میں بھی مدد ملے گی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ جموں و کشمیر بھر میں سخت کورونا کرفیو نافذ کریں اور پابندیوں کے دوران صرف ہنگامی اور ضروری خدمات کی اجازت دیں تا کہ منتقلی کی چین کو توڑا جا سکے ۔ لیفٹیننٹ گورنر کے مشیران فاروق خان ، راجیو رائے بٹھناگر ، بصیر احمد خان ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، ڈی جی پی دلباغ سنگھ ، فائنانشل کمشنر محکمہ خزانہ ارون کمار مہتا ، فائنانشل کمشنر صحت اور میڈیکل ایجوکیشن اٹل ڈولو ، محکمہ داخلہ کے پرنسپل سیکرٹری شالین کابرا ، پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اصغر سامون ، محکمہ تعمیراتِ ( آر اینڈ بی کے پرنسپل سیکرٹری شیلندر کمار ،لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار ، کمشنرسیکرٹری جنرل ایڈمنسریشن ڈیپارٹمنٹ منوج کمار دویدی ، کمشنر سیکرٹری لیبر اینڈ ایمپلایمنٹ سریتا چوہان ، ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے ،کمشنر سیکرٹری جل شکتی ایم راجو ، سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر شیتل نندا ، کمشنر سیکرٹری ایف سی ایس اور سی اے ڈیپارٹمنٹ زبیر احمد اور ڈپٹی کمشنرسری نگر محمد اعجاز نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ورچیول موڈ میٹنگ میںحصہ لیا۔