سری نگر//جموں و کشمیر حکومت نے 18 سے 45 سال کی عمر کے لوگوں کی ویکسینیشن پر جاری کنفوژن کے بیچ اس عمر کے زمرے کے لئے ہفتہ سے ویکسینیشن مہم شروع کر دی ہے۔
محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر کے دونوں شہروں سری نگر اور جموں میں ہفتہ سے 18 سے 45 سال کے لوگوں کی مرحلہ وار ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔
محض ایک روز قبل اسی ٹویٹر ہینڈل سے کہا گیا تھا کہ 18 سے 45 سال کے لوگوں کی ویکسینیشن مقررہ تاریخ یعنی یکم مئی سے شروع نہیں ہو رہی ہے نیز ویکسین سپلائی دستیاب ہو جانے پر متذکرہ عمر کے زمرے میں آنے والے لوگوں کی ویکسینیشن شروع کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔
ہفتے کو محکمہ کے ٹویٹر ہینڈل پر دو سلسلہ وار ٹویٹس میں کہا گیا: ‘جموں و کشمیر آج سے 18 سے 45 سال کے لوگوں کی مرحلہ وار ویکسینیشن مہم کا آغاز کر رہی ہے۔ اس کی شروعات جموں اور سری نگر سے کی جا رہی ہے’۔
دوسرے ٹویٹ میں کہا گیا: ‘اس عمر کے زمرے کو ویکسین مفت لگائی جائے گی۔ ویکسین لگوانے کے لیے پیشگی رجسٹریشن اور اپائٹمنٹ لازمی ہے۔ برائے مہربانی اپائمنٹ کے بغیر ویکسین سنٹروں پر بھیڑ نہ لگائیں’۔
ہفتے کو ایک ٹویٹ میں کہا گیا تھا: ‘جہاں 18 سے 45 سال کی عمر کے لوگوں کی ویکسینیشن کے لئے رجسٹریشن کوون ویب سائٹ اور موبائیل ایپلی کیشن پر شروع ہو چکی ہے وہیں ویکسینیشن یکم مئی 2021 سے شروع نہیں ہو رہی ہے۔ ویکسین سپلائی دستیاب ہو جانے پر ٹیکہ کاری شروع کرنے کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا’۔
جموں میں ویکسین لگانے والے ایک نوجوان نے نامہ نگاروں کو بتایا: ‘میں جموں میں 18 سے 45 سال کی عمر کے زمرے کا پہلا نوجوان ہوں جس کو ویکسین لگائی گئی ہے۔ یہ ویکسین سب کو لگانی چاہیے۔ ہم یہ مہم شروع کرنے کے لیے انتظامیہ کا شکر گزار ہیں’۔
ایک اور نوجوان نے کہا: ‘میں جموں و کشمیر حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ ہماری ویکسینیشن شروع کی گئی ہے۔ ہم خوش ہیں کہ پہلے دن ہی میں اور میری فیملی کے دیگر اراکین کو ویکسین لگائی گئی۔ اس ویکسینیشن مہم سے خوف فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ویکسینیشن سے ہی ہمیں تحفظ مل سکتا ہے’۔
دریں اثنا جموں و کشمیر حکومت نے کہا ہے کہ 18 سے 45 سال کی عمر کے لوگوں کی ویکسینیشن کے لئے ایک کروڑ 24 لاکھ ویکسین ڈوزز کا آرڈر دیا گیا ہے۔
حکومت پہلے ہی اعلان کر چکی ہے کہ 18 سے 45 سال کی عمر کے سبھی لوگوں کو کووڈ 19 ویکسین مفت لگائی جائے گی جس پر آنے والے خرچے جموں و کشمیر حکومت برداشت کرے گی۔
دریں اثنا انتظامیہ کی لوگوں سے کورونا ویکیسن لگوانے کی تاکید کے بیچ لوگوں نے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کورونا ویکیسن کی عدم دستیابی کا الزام لگایا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ویکسینیشن سینٹروں پر ویکسین دستیاب نہیں ہیں۔