7دنوں میں لگ بھگ3500مسافروں کی جانچ،3مسافروں کوکورونا میں مبتلاء پایاگیا
ٹیسٹنگ عمل میں لانے 8کیبن قائم ،ہرکیبن میں 4ملازم تعینات:بی ایم ائوقاضی گنڈ ڈاکٹر ظہور
جے کے این ایس
لورمنڈا قاضی گنڈ؍؍مقامی انتظامیہ کی ہدایت پر بیرون ریاستوں سے کشمیرمیں داخل ہونے والے مسافروں کی میڈیکل اسکریننگ’ ٹول پوسٹ لورمنڈا قاضی گنڈ‘ میں 9اپریل سے جاری ہے ،اورگزشتہ ایک ہفتے کے دوران یہاں تقریباً3500مسافروں کاریپڈ اینٹی جن ٹیسٹRATکیا گیا،جن میں سے جمعرات کی سہ پہرتک صرف 3مسافروں کوکوروناوائرس میں مبتلاء پایاگیا۔جے کے این ایس کے مطابق بلاک میڈیکل افسرقاضی گنڈ ڈاکٹرظہورنے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایاکہ حکومت کی ہدایت پرہم نے ٹول پوسٹ لور منڈا قاضی گنڈ میں بیرون وادی سے آنے والے مسافروں بشمول ڈرائیوروں اور سیاحوں کی ٹیسٹنگ9اپریل سے شروع کردی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے یہاں ٹیسٹنگ عمل میں لانے 8کیبن قائم کئے ہیں اورہرکیبن میں 4ملازمین تعینات رکھے ہیں ،جن میں محکمہ صحت اورمحکمہ تعلیم کے دو،دو ملازم شامل ہیں ۔ڈاکٹر ظہور نے کہاکہ ہماری ٹیمیں یہاں پہنچنے والے مسافروں کاریپڈاینٹی جن ٹیسٹ RATکرتی ہیں ،اورموقعہ پرہی اسکی جانچ رپورٹ متعلقہ مسافرکوسونپ دی جاتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ لورمنڈا قاضی گنڈمیں قائم اس جانچ سینٹرپرروزانہ اوسطاً400سے 500 مسافروں کاٹیسٹ یاطبی جانچ کی جاتی ہے ۔بی ایم ائوقاضی گنڈکاکہناتھاکہ ابتک یعنی9اپریل سے 15اپریل کی دوپہرتک یہاں پہنچنے والے3مسافروں کوکورونا وائرس میں مبتلاء پایاگیا ،جن میں ایک ایسامسافر بھی شامل ہے ،جس کولکھن پورمیں طبی جانچ کے بعدمنفی رپورٹ دی گئی تھی۔انہوں نے بتایاکہ ابتک لورمنڈاقاضی گنڈ میڈیکل چیک پوائنٹ پر تقریباً3500مسافروں کاریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ یعنیRATکیاگیا ۔اُدھر مذکورہ میڈیکل چیک پوائنٹ پرتعینات ڈاکٹروں اوردیگر ملازمین نے بتایاکہ اُن کی کوشش ہے کہ یہا ں سے کوئی بھی مسافر بغیر طبی جانچ کے آگے نہ جائے ،اوراس سلسلے میں ہمیں یہاںتعینات پولیس اہلکاروں اورٹول پوسٹ عملہ کامکمل تعاون حاصل ہے ۔ایک سوال کے جواب میں بلاک میڈیکل آفیسرقاضی گنڈکاکہناتھاکہ ہم یہاں RTPCRکاطریقہ نہیں اپناسکتے ہیں ،کیونکہ اس طرزکی ٹیسٹنگ میں ہم نمونے حاصل کرکے لیبارٹریوںمیں بھیج دیتے ہیں ،اوروہاںسے رپورٹ آنے پرہی پتہ چلتاہے کہ کون سے لوگ کورونا میں مبتلاء ہیں اورکون نہیں ۔انہوںنے بتایاکہ یہاں RATکاطریقہ اسلئے اپنایا گیاہے تاکہ مسافروں اوردیگرلوگوںکومیڈیکل اسکریننگ یاطبی جانچ کراتے وقت زیادہ ٹھہرنا نہ پڑے ۔