جموں و کشمیر میں بیساکھی کا تہوار جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا

0
0

سری نگر// جموں و کشمیر میں منگل کو سکھ برادری نے خالصہ پنتھ کے قیام اور فصلوں کی کٹائی کی خوشی میں منایا جانے والا بیساکھی کا تہوار انتہائی جوش و خروش اور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا ہے۔
ادھر سری نگر میں اس تہوار کے موقع پر شہرہ آفاق ڈل جھیل کے کناروں پر واقع مغل باغات کو سیاحوں اور مقامی لوگوں کے لئے کھول دیا جاتا ہے۔
منگل کی صبح سے ہی سکھ برادری سے وابستہ افراد کا گردواروں اور دوسرے مذہبی مقامات پر تانتا بندھا رہا۔ بیشتر عقیدت مند کورونا وائرس سے بچائو کے ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرتے ہوئے نظر آئے۔
وادی میں بیساکھی کے تہوار کے سلسلے میں سب سے بڑی تقریب گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کوہ ماراں کے دامن میں واقع سکھوں کے مشہور چھٹی پادشاہی گردوارہ میں منعقد ہوئی جہاں حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومی (رح) کی زیارت گاہ اور شاریکا دیوی کا مندر نزدیک میں ہی واقع ہیں۔
سکھ عقیدت مندوں کی بڑی تعداد، جس میں خواتین، بوڑھے اور بچوں کی خاصی تعداد شامل تھی، نے صبح سویرے سے ہی اس گردوارے پر حاضری دینا شروع کی تھی۔
اس موقعے پر سکھ عقیدت مندوں کے لئے خصوصی لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار جس نے منگل کی صبح اس گردوارے کا دورہ کیا، نے بتایا کہ گردوارے کے باب الداخلے پر سینیٹائزر اور ماسکس رکھی گئی تھیں اور ہر عقیدت مند کے جسم کا درجہ حرارت چیک کیا جا رہا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گردوارے کے باب الداخلے پر رضاکار تعینات کئے گئے تھے جو عقیدت مندوں اور میڈیا اہلکاروں کو ایک ایک کر کے اندر جانے کی اجازت دے رہے تھے۔
چھٹی پادشاہی گردوارہ تقریب کی طرز پر بارہمولہ، ترال، جواہر نگر، صنعت نگر ، برزلہ اور وادی کے دوسرے مقامات پر بھی تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا۔
حسب روایت منگل کو ایک بار پھر کشمیری مسلمان اور کشمیر پنڈت سکھوں کو بیساکھی کے تہوار کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نظر آئے۔
دریں اثنا سری نگر میں واقع مغل باغات بشمول نشاط، شالیمار اور چشمہ شاہی کو منگل کے روز سیاحوں اور مقامی لوگوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔
تاہم یہ باغات غیر سرکاری طور پر گذشتہ ایک ماہ سے سیاحوں کے لئے کھلے تھے۔
صوبہ جموں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وہاں بھی بیساکھی کا تہوار انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ہے۔
اس موقع پر شہر کے تمام گردواروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔ صوبے کے دوسرے اضلاع بشمول ادھم پور، کٹھوعہ اور سانبہ میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا