بیروکریسی نظام عوامی شکایات کا موثر ڈھنگ سے ازالہ کرنے کے اہل نہیں
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے اِس بات پرزور دیا ہے کہ جموں وکشمیر کی ہمہ جہت ترقی کے لئے ریاستی درجہ کی بحالی پیشگی شرط ہے کیونکہ بیروکریسی نظام عوامی شکایات کا موثر ڈھنگ سے ازالہ کرنے کے اہل نہیں۔ انہوں نے کہا’’اپنی پارٹی بارہا حکومت ِ ہند سے اصرار کرتی رہی ہے کہ جموں وکشمیر کے ریاستی درجہ کی بحالی میں تاخیر نہ کی جائے اور ہمیں یقین ہے کہ ریاستی درجہ کی بحالی ہی واحد لوگوں کی مشکلات کا حل ثابت ہوسکتا ہے۔ بخاری ضلع اننت ناگ کے براگام ڈورو میں منعقدہ پارٹی کے یک روزہ کنونشن سے خطاب کر رہے تھے جس میں اُن کے علاوہ سنیئر نائب صدر غلام حسن میر، نائب صدر عثمان مجید، جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، ریاستی سیکریٹری اور ضلع صدر بڈگام منتظر محی الدین، چیف کارڈی نیٹر اور ضلع انچارج کولگام عبدالمجید پڈر، ضلع صدر اننت ناگ عبدالرحیم راتھر، پارٹی سنیئرلیڈر اور چیئرمین میونسپل کونسل اننت ناگ ہلال احمد شاہ، صوبائی سیکریٹری نذیر احمد وانی (ڈیلگامی)نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر پارٹی کے دیگرلیڈران انیس الاسلام، بشیر احمد وانی،حمید اللہ بھٹ، امتیاز احمد، بینظیر اختر، نذیر احمد وانی، فاروق احمد اور سمیر احمد بھی موجود تھے۔ بخاری نے کہاکہ بے روزگاری کی شرح بڑھ رہی ہے اور ترقیاتی پروجیکٹوں پر کام کی سست روی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے، منتخب حکومت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا’’ روز ِ اول سے ہی ہماری جماعت عوامی بہبود سے جڑے اہم مسائل کو اجاگر کرتی رہی ہے جس سے اُن کی روز مرہ کی زندگی متاثر ہے۔ ہمار ا مقصد بغیر کسی جذباتی بیانیہ یا چالاکی کئے عاجزی کے ساتھ رہنا ہے، ہم قابل ِ عمل اور پیچیدہ مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں‘‘۔ انہوں نے کہاکہ متعدد سیاسی جماعتوں نے دعویٰ کیاتھاکہ ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات ختم ہونے کے بعد، وہ پانچ اگست2019سے قبل کی جموں وکشمیر کو بحال کرنے کے لئے جدوجہد کریں گے لیکن زمینی سطح پر ابھی تک کچھ بھی ٹھوس اقدام نہ اُٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چند سیاسی جماعتوں کی طرف سے ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے دوران ہم نے جوفریبی اور خود غرضی والے نعرے سنے تھے ، اُن اب کہیں غائب ہیں، اُن جماعتوں کے منتخبہ اُمیدوار اب دفاترمیں ہیں اور دفعہ370کی بحالی کی باتوں کو کہیں دفن ہی کر دیا ہے۔ یہ غداری کا ایک عمل ہے جس کے ذریعے انہوں نے ڈھٹائی سے لوگوں کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی تھی‘‘۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگ اب بیوقوف نہیں، وہ سیاسی جماعتوں کی کارکردگی کو بہتر ڈھنگ سے جج کرسکتے ہیں ، عوام کو فلاحی سرگرمیوں اور محض زبانی جمع خرچی کے درمیان فرق کرنا آتاہے۔بخاری نے کہاکہ ’’جموں وکشمیر کے لوگ بیدار ہیں اور وہ یہ سمجھ سکتے ہیں کہ کون اُنہیں بیوقوف بنارہا ہے اور کون عوامی فلاح کے مفادات کیلئے کوششیں کر رہا ہے۔ اپنی پارٹی نے ہمیشہ عوامی مسائل کو حل کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے، صرف ایک سال کے اندر بغیر کوئی اختیارات واقتدار ہوئے بھی کام کئے اور یہ ثابت کیا ہے کہ مخلصانہ کوششیں اور صداقت پر مبنی سیاست کا راستہ اپنا کر کچھ بھی حاصل کیاجاسکتا ہے‘‘۔ انہوں نے پارٹی ورکروں پرزور دیاکہ وہ عوامی بہبود کے لئے محنت ولگن سے کام کریں اور ضلع اننت ناگ میں ممبر شپ مہم شروع کی جائے۔ ضلع اکائی ممبران اور ورکروں نے لیڈرشپ کا اننت ناگ دورہ کرنے کے لئے شکریہ ادا کرتے ہوئے زمینی سطح پر پارٹی کو مضبوط بنانے کا عزم کیا۔