جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں’مہارانی‘!

0
0

پہلی مرتبہ جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے دروازے بالی وڈ کے لیے کھول دیے گئے
یواین آئی

جموں؍؍جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی تاریخ میں پہلی بار اس کے دروازے حال ہی میں بالی وڈ کے لیے اْس وقت کھول دیے گئے جب اس میں ’مہارانی‘نامی ویب سیریز کے ایک منظر کو شوٹ کیا گیا۔جموں میں قانون ساز اسمبلی کے اندر 4 اپریل کو ویب سیریز ’مہارانی‘جس میں معروف فلمی اداکارہ ہما قریشی وزیر اعلیٰ کا رول ادا کر رہی ہیں، کے ایک منظر کی شوٹنگ کی گئی۔حکام کی طرف سے قانون ساز اسمبلی میں ویب سیریز کے منظر کو شوٹ کرنے کی اجازت دینا بالی وڈ فلم انڈسٹری کو جموں وکشمیر میں دوبارہ فلموں کی شوٹنگ کرنے کے لئے کی جانے والی کوششوں کی ایک کڑی ہے۔ایک ادا کار نے یو این آئی کو بتایا: ‘جموں و کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار قانون ساز اسمبلی میں کسی فلم کی شوٹنگ کی گئی۔ اس سے یہ بات ثابت ہوجاتی ہے حکومت، جموں و کشمیر کو فلموں کی شوٹنگ کا مرکز بنانے میں کس قدر سنجیدہ ہے’۔اسمبلی ہال میں شوٹ کئے گئے منظر میں دکھایا گیا ہے کہ: ‘جموں و کشمیر اسمبلی اچانک شروع ہوجاتی ہے اور حزب اختلاف کے مشتعل ارکان اسمبلی کا آمنا سامنا ہوتا ہے، اسپیکر انہیں بار بار ہاؤس کا تقدس بحال رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ (جس کا رول ہما قریشی ادا کرتی ہیں) کی تقریر سننے کو کہتا ہے لیکن جب وہ نہیں مانتے ہیں تو انہیں اسمبلی ہال سے باہر نکالا جاتا ہے’۔’مہارانی’ ویب سیریز جس میں ہما قریشی وزیر اعلیٰ کا رول ادا کر رہی ہیں، کو جموں شہر میں شوٹ کیا جا رہا ہے اور اس میں 100 مقامی اداکار کام کر رہے ہیں۔اس ویب سیریز کے ہدایت کار ‘جولی ایل ایل بی’ فلم سے شہرت پانے والے سبھاش کپور ہیں جبکہ سونی لائیو نے اس کو بنایا ہے۔ایک مقامی اداکار نے بتایا: ‘ویب سیریز مہارانی کے بعض منظروں کو جموں وکشمیر اسمبلی میں شوٹ کیا جا رہا ہے’۔اس ویب سیریز کی شوٹنگ کے لئے ہدایت کار سبھاش کپور کچھ روز قبل ادکارہ ہما قریشی، سوہم شاہ، امیت سائل اور ونیت کمار کے ساتھ جموں میں تھے۔اس ویب سریز میں گورنمنٹ زنانہ کالج گاندھی نگر، جی جی ایم سائنس کالج، سرکٹ ہاؤس اور جموں کے دیگر خوبصورت مقامات نظر آئیں گے۔جموں وکشمیر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی قیادت والی حکومت بالی وڈ فلم انڈسٹری کو یونین ٹریٹری میں دوبارہ فلموں کی شوٹنگ کرنے کے لئے تیار کرنے کے لئے کوشاں ہے۔حکومت یہاں ایک ‘فلم سٹی’ بنانے کا بھی منصوبہ رکھتی ہے جس میں فلم بنانے کے لیے تمام سہولیات کو بہم رکھا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے حال ہی میں کہا کہ بالی وڈ کے لئے جموں و کشمیر فلموں کی شوٹنگ کے لئے پسندیدہ جگہ رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بالی وڈ کے معروف ہدایت کار اپنی فلموں کی شوٹنگ کے لئے پھر سے اس خطے کا رخ کر رہے ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا