چھتیس گڑھ ماؤ نواز حملے میں جموں کے لاپتہ جوان کے اہلخانہ کی اپیل
لازوال ڈیسک
جموں؍؍چھتیس گڑھ ماؤ نواز حملے میں لاپتہ ہوئے جموں سے تعلق رکھنے والے ایک سی آر پی ایف جوان کے اہلخانہ نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ ماؤ نوازوں کے مطالبوں کو پورا کرکے ہمارے بیٹے کو صحیح سلامت واپس لائے۔لاپتہ جوان راکیش سنگھ منہاس کی والدہ نے میڈیا کو بتایا: ’میری حکومت سے اپیل ہے کہ وہ ان کے (ماؤ نوازوں کے) مطالبوں کو پورا کریں اور میرے بیٹے کو صحیح سلامت واپس لائے‘۔موصوف جوان کی اہلیہ نے بھی حکومت سے یہی اپیل کرتے ہوئے کہا: ’مرکزی حکومت سے اپیل ہے کہ وہ ان کو جلد از جلد صحیح سلامت واپس لائیں‘۔راکیش سنگھ کے بھائی نے بتایا کہ میری ایک ہفتہ قبل ان سے (بھائی) بات ہوئی تھی اور انہوں نے کہا تھا کہ وہ جلد ہی چھٹی پر گھر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کنٹرول روم سے رابطہ کرنے سے معلوم ہوا کہ وہ لاپتہ ہیں جبکہ میڈیا کے ذریعے معلوم ہو رہا ہے کہ میرا بھائی ماؤ نوازوں کے قبضے میں ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا بھائی گذشتہ دس برسوں سے سی آر پی ایف میں کام کر رہا ہے اور میرے والد بھی سی آر پی ایف میں تھے۔موصوف نے بھی حکومت سے ان کے بھائی کو صحیح سلامت واپس لانے کی اپیل کی ہے۔بتادیں کہ چھتیس گڑھ کے ضلع بجا پور اور سکما کے جنگلات میں گزشتہ روز ماؤ نوازوں کے حملوں میں سیکورٹی فورسز کے کم سے کم 22 اہلکار ہلاک جبکہ زائد 30 زخمی ہوئے ہیں۔ کئی اہلکاروں کے لاپتہ ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔