جموں و کشمیر میں ترقیاتی فروغ ناگزیر :اشوک کول نئی صنعتی اور معاشی پالیسیاں روزگار کے نئے دوارکھولیں گی: ڈاکٹر درخشاں اندرابی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍بی جے پی کے ریاستی جنرل سکریٹری اشوک کول اور بی جے پی ترجمان اعلیٰ اور حکومت ہند کی وقف ڈیولپمنٹ کمیٹی کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے آج جموں کے کھنڈوال (لالیا) میں جموں و کشمیر میں سڑک کی تعمیر کے لئے خام مال کی پروسیسنگ کے لئے مشترکہ طور پر ایک ہاٹ اینڈ ویٹ مکس پلانٹ کا افتتاح کیا۔ واضح رہے محمد عبداللہ ، نصیر احمد اور ریاض احمد مشترکہ طور پر اس پلانٹ کے مالک ہیں جو نوجوان کاروباریوں نے مشترکہ طور پر کشمیر کے لسجن میں کامیاب یونٹ کے بعد قائم کیا ہے۔اس موقع پر نوجوانوں نے اپنے کاروباری وڑن کو پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ جموں و کشمیر میں اپنے کاروبار کو بڑھائیں گے۔ اس موقع پر موجود نوجوانوں کا ایک بہت بڑا اجتماع تھا جہاں پلانٹ کا افتتاح اشوک کول اور ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کیا۔ اس موقع پر بی جے پی کے جنرل سکریٹری اشوک کول نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت میں جموں و کشمیر میں ترقیاتی فروغ ناگزیر ہے۔ اشوک کول نے کہا کہ سڑکیں اور دیگر مواصلات کی سہولیات کسی بھی علاقے کی مجموعی ترقی کی اساس ہیں اور جموں و کشمیر میں ترقیاتی ماحول کے لئے اس پلانٹ کے قیام جیسے اقدامات بہت اہم ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوان قومی سطح پر اسکل انڈیا یا اور ڈیجیٹل انڈیا جیسے اقدامات میں اپنی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ ڈاکٹر درخشن اندرابی نے اجتماع اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کے جدید نظریات اس بات کے گواہ ہیں کہ ہم جموں و کشمیر میں ملازمت کے محدود مواقع کے معاملے پر قابو پانے والے ہیں اور نئے صنعتی اور معاشی جموں وکشمیر میں نوجوانوں کے لئے بے روزگار مواقع پیدا کریں گے۔